ٹیسٹ کرکٹرمحمد حفیظ نے لاہور قلندر کی قیاد ت کو چیلنج قرار دیتے ہوئے پی ایس ایل میں کارکردگی میں بہتری کی امید دلا دی

اتوار 9 دسمبر 2018 23:10

لاہور۔9 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2018ء) سابق ٹیسٹ کرکٹرمحمد حفیظ نے لاہور قلندر کی قیاد ت کو چیلنج قرار دیتے ہوئے پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی کارکردگی میں بہتری کی امید دلا دی۔ ہیڈ کوچ عاقب جاوید کا کہنا تھا کہ روٹھے شائقین کو اس مرتبہ بہتر پرفارمنس سے منانے کی کوشش کریں گے۔ پاکستان سپر لیگ کے پہلے تین ایڈیشن ہارنے کے بعد لاہور قلندر کی مینجمنٹ کو ہوش آہی گیا، چوتھے ایڈیشن کیلئے ٹیم کی قیادت نیوزی لینڈ کے برینڈن میکلم سے لے کر محمد حفیظ کے سپرد کردی۔

مقامی ہوٹل میں لاہورقلندر کے نئے کپتان محمد حفیظ کی تقریب رونمائی کے موقع پر لاہور قلندر کے مالک فواد رانا بھی موجود تھے۔ محمد حفیظ کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل کے زیادہ میچز پاکستان میں ہونے کی وجہ سے خوش ہوں اور لاہور قلندرز کی کوشش ہے کہ سب غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی کی پرفارمنس پر بات نہیں کروں گا بلکہ مستقبل کی پرفارمنس پر نظر ہوگی، لاہور قلندرز کے پاس چیمپئن بننے کیلئے تمام کھلاڑی موجود ہیں۔

محمد حفیظ نے لاہور قلندرز کے تھنک ٹینک کو ٹیم کا اچھا کومبینیشن بنانے پر مبارک باد پیش کی اور کہا کہ پی ایس ایل کی تمام ٹیمیں متوازن لگ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاہور قلندرز نے ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت نوجوانوں کو امید دلائی اور اس پلیٹ فارم کے ذریعے ٹیلنٹ کو سامنے لا رہے ہیں۔محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے بتایا کہ ٹیسٹ میچز عزت اور کامیابی کے ساتھ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائرمنٹ کا ٹائم فریم ابھی نہیں دے سکتا۔

پریس کانفرس کے دوران فواد رانا کا کہنا تھا کہ فرنچائز کے ماڈل پر ہمیشہ بات چیت چلتی رہتی ہے، میں پٴْرامید ہوں کہ پی ایس ایل مزید اچھا برانڈ بنے گا۔ثمین رانا نے کہا کہ اے بی ڈویلیئرز کے ساتھ ہمارا معاہدہ سات میچز کا ہے اگر لاہور قلندر حتمی مرحلے تک پہنچی تو پی سی بی سے مل کر انہیں پاکستان لانے کی کوشش کریں گے۔