طلبہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ‘ہم اپنے روشن مستقبل کیلئے اپنے تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرکے مزید مضبوط و مستحکم بنائیں گے ،صوبائی مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ

پیر 10 دسمبر 2018 00:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) صوبائی مشیر کھیل و ثقافت عبدالخالق ہزارہ نے کہا ہے کہ طلبہ ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت کی اولین ذمہ داری ہے ‘ہم اپنے روشن مستقبل کیلئے اپنے تعلیمی اداروں کو جدید خطوط پر استوار کرکے مزید مضبوط و مستحکم بنائیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہزارہ ٹاؤن میں ایک نجی اسکول کی تقریب تقسیم انعامات کے موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

صوبائی مشیر نے طلباء کو تلقین کرتے ہوئے کہا کہ وہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے محنت اورلگن سے اپنی تمام تر توجہ تعلیم پر مرکوز رکھیں تاکہ ہم ایک پڑھے لکھے ، صحت مند اور تعصبات سے پاک معاشرے کی تشکیل کیلئے راہ ہموار کرسکیں ۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ اس وقت صوبہ بھر کے عوام کو آبی قلت کا سامنا ہے تاہم موجودہ حکومت پانی کے مسئلے پر قابو پانے اور اسکے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے عوام سے اپیل ہے کہ وہ ضرورت کے مطابق پانی کا کم سے کم استعمال کریں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پانی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہم سب کا فرض ہے اور یہ ضروری ہے کہ پانی کے ضیاع کو روکنے کیلئے کونے کونے میں آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے صوبائی مشیرنے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبہ میں سیاحت کو اجاگر کرکے ملک و صوبہ کا مثبت تشخص دنیا کو دکھائیں گے، انتہا پسندی ، شدت پسندی اور تفرقات کے خاتمے کیلئے کھیل ، سیاحت ، ثقافت اور مثبت سر گرمیوں کوبھر پور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :