منی لانڈرنگ کیس؛ آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں21دسمبرتک توسیع

کمرہ عدالت میں آصف علی زرداری اور عبدالغنی مجید کی ملاقات، دونوں ایک سیٹ پر بیٹھ کر کچھ دیر گفتگو میں مصروف رہے

پیر 10 دسمبر 2018 12:04

منی لانڈرنگ کیس؛ آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت میں21دسمبرتک ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) بینکنگ کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کی منی لانڈرنگ کیس میں عبوری ضمانت میں21دسمبرتک توسیع کردی ہے۔پیرکوسابق صدر اورپاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، ان کی بہن فریال تالپور، انور مجید، اے جی مجید، طحہ رضا اور نمرمجید سمیت دیگر ملزمان منی لانڈرنگ کیس میں بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے، اس موقع پرپیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات نفیسہ شاہ بھی عدالت میں موجود تھیں۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے مفرور ملزمان سے متعلق رپورٹ عدالت میں پیش کی۔عدالت نے آصف علی زرداری، ان کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر ملزمان کی عبوری ضمانت میں 21 دسمبر تک کی توسیع کردی۔بعدازاں عدالت نے کیس کی سماعت بھی21دسمبر تک ملتوی کردی، جس کے بعد آصف علی زرداری، فریال تالپور اور دیگر بینکنگ کورٹ سے حاضری لگا کر روانہ ہوگئے۔

(جاری ہے)

کمرہ عدالت میں آصف علی زرداری اور عبدالغنی مجید کی ملاقات ہوئی اور دونوں ایک سیٹ پر بیٹھ کر کچھ دیر گفتگو میں مصروف رہے۔

کیس کی سماعت سے قبل کمرہ عدالت میں پیپلزپارٹی کے جیالوں کی ایک بڑی تعدادموجود تھی، جس پر عدالتی اسٹاف نے غیر متعلقہ افراد کو پیچھے جانے کا حکم دیا۔علاوہ ازیں کمرہ عدالت میں بھی آصف علی زرداری کے نجی گارڈز نے ان کے چاروں جانب حصار بنائے رکھا۔ آصف علی زرداری کی بینکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع پر عدالت کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔