14واں بین لاقوامی کتب میلہ21دسمبرسے کراچی ایکسپوسینٹر میں شروع ہوگا

میلہ 5روز تک جاری رہیگا،افتتاح صوبائی وزیرتعلیم کریں گے،کتب میلے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں،عزیزخالد

پیر 10 دسمبر 2018 12:04

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستان پبلشرزاینڈ بک سیلرز ایسوسی ایشن کے تحت 14واں بین الاقوامی کتب میلہ جمعہ21دسمبرسے ایکسپوسینٹرکراچی میں سجے گا۔25دسمبر تک جاری رہنے والے عالمی کراچی کتب میلے کا افتتاح صوبائی وزیرتعلیم سردارعلی شاہ کریں گے،پاکستان پبلشرزاینڈبک سیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عزیزخالد کے مطابق کتب میلے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

پبلشرزاوربک سیلرزکے لیے ایکسپو سینٹر میں 330 اسٹال مختص کیے گئے ہیں جو ایکسپوسینٹرکے ہال نمبرایک ،دواورتین میں دیئے جائیں گے۔کراچی بین الاقوامی کتب میلے میں کئی غیرملکی پبلشرزشریک ہورہے ہیں جبکہ بعض غیرملکی پبلشرز کی فراہم کی جانیوالی کتب میلے میں موجود ہوں گی جن میں بھارت ،سنگاپور، ملیشیا ،ترکی اوربرطانیہ سمیت دیگرممالک کے پبلشرز شامل ہیں اس کے علاوہ کئی نئی کتابوں کی تقریب رونمائی بھی کتب میلے میں کی جائیں گی۔واضح رہے کہ کتب میلے کے پہلے روزکے بعد آخری 4 روز تعلیمی اداروں میں موسم سرماکی تعطیلات ہوں گی۔