سعودی عرب: حج 2019ء پر پاکستانیوں کے کوٹے میں پانچ ہزار افراد کا اضافہ

پاکستانی اور سعودی وزراء نے حج2019ء کے سمجھوتے پر دستخط کر دیئے

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 دسمبر 2018 13:15

سعودی عرب: حج 2019ء پر پاکستانیوں کے کوٹے میں پانچ ہزار افراد کا اضافہ
مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر2018ء) سعودی ویژن 2030ء کے تحت مملکت کی جانب سے ہر سال بین الاقوامی عازمینِ حج کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے تحت حج 2019ء کے دوران پاکستانی عازمینِ حج کے کوٹہ میں مزید پانچ ہزار افراد کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔اس طرح سال 2019ء کے دوران پاکستان سے ایک لاکھ چوراسی ہزار 210 فرزندانِ توحید حج بیت اللہ کی سعادت سے بہرہ مند ہو سکیں گے۔

اس معاہدے پر پاکستان اور سعودی عرب کے وزرائے نے دستخط کر دیئے ہیں۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری کی سربراہی میں پاکستانی حج مشن سعودی عرب کے دورے پر ہے۔ جنہوں نے اپنے قیام کے دوران پاکستان کی جانب سے اس معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ سندھ سے 35ہزار کلمہ گو حج کی سعادت حاصل کریں گے، جن کی تصدیق و امیگریشن کراچی ایئرپورٹ پر کی جائے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر پیر نُور الحق قادری نے سعودی عرب میں قیام کے دوران مکّہ مکرمہ میں دفتر امورِ حجاج پاکستان کا بھی دورہ کیا جہاں ڈائریکٹر جنرل حج ڈاکٹر ساجد یوسفانی نے آئندہ سال حج کے لیے ادارے کی جانب سے تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر مکّہ مکرمہ اور مدینہ منور میں حجاج کی رہائش، کھانے اور سفر کی بہترین سہولیات کی فراہمی جیسے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ معاہدے کی رُو سے پاکستانی حجاج کو ای ویزہ دیا جائے گا۔ بیشتر پاکستانیوں کو پُرانے منیٰ میں ٹھہرائے جانے کی کوشش کی جائے گی۔ جبکہ حاجیوں پر دو ہزار ریال فیس کے خاتمے کا فیصلہ سعودی فرمانروا سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔