Live Updates

میاں نواز شریف کی سوچ ملک بنانے کی تھی جبکہ عمران خان کی وزیر اعظم بننے کی، شبیر انصاری

نا اہل حکمرانوں نے معاشی بیڑہ غرق کر دیا ہے غریب عوام کو گھاس پھوس کھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے ،ممبر سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی مسلم لیگ(ن)

پیر 10 دسمبر 2018 15:28

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) مسلم لیگ ن کی سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے ممبروسابق ایم این اے صاحبزادہ شبیر حسن انصار ی نے کہاہے کہ سبزی بیچنے والا کبھی سنار کاکام نہیں کر سکتا ، جس کا جو کام ہے اس کو ہی کرنے دیا جائے ، ڈیم بنانے کے لیئے چودہ ارب ڈالر درکا رہیں جو موجود ہ غیر سنجیدہ حکومت کے لیئے ممکن نہیں یہ سنجیدہ حکومتوں کا کام ہے ، موجودہ حکومت ڈیم بنانے پر بچکانہ رویہ ترک کرے اور اس منصوبے کو مکمل طور پر اپنے ہاتھ میں لے یہ وزیراعظم عمران خان اور اس کی کابینہ کی نا اہلی ہے جو ملک میں آج معاشی صورتحال بدترین بحران کا شکا ر ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں اپنی رہائش گاہ پر لیگی کارکنان سے ملاقات کے دوران کیا، صاحبزادہ شبیر حسن انصاری نے کہا کہ اس وقت پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے مہنگائی آسمانوں کو چھو رہی ہے اور اگر موجود ہ حکومت کا رویہ اس ہی طرح رہا تو مستقبل میں اس ملک میں عوام کا زندہ رہنا بھی مشکل ہو جائے گا، معاشی بیڑہ غرق کر کہ عوام کو گھاس پھوس کھانے پر مجبور کیا جا رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت میں اگر کوئی قابلیت ہوتی اور عوام ان سے خوش ہوتے تو آج میاں نواز شریف کے دور حکومت کو یاد نہ کرتے آج ملک کے بچے بچے کہ منہ پر یہ بات ہے کہ موجودہ حکومت سے میاں نواز شریف کا دور حکومت لاکھ درجے بہتر تھا، انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کی سوچ ملک بنانے کی تھی جبکہ عمران خان کی وزیر اعظم بننے کی ، تحریک انصاف کی حکومت کے جو دو چار اتحادی ہیں وہ بھی ان سے خائف ہو تے جا رہے ہیں اور یہ چیزیں عمران خان کو نظر آرہی ہیں جب ہی وہ سو دن کے اندر قبل از وقت مڈٹرم الیکشن کی بات کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایک ایسے شخص کی حکومت ہے جسے یہ بھی معلوم نہیں ہے کہ روپے کی قدر کیا ہوتی ہے اور ڈالر کس وجہ سے اوپر جا رہا ہے ، ایسا لگتا ہے کہ اگلے تین ماہ بھی ان کو یہ بات بتانے میں گز ر جائیں گے کہ وہ وزیراعظم ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات