انٹر زونل گرلز کالجز سپورٹس فیسٹول، ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن مقابلے مردان زون کی طالبات ،جبکہ نیٹ بال ٹورنامنٹ کی چمپئن ٹرافی پشاور نے جیت لی

پیر 10 دسمبر 2018 15:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) پشاورمیں جاری انٹر زونل گرلز کالجز کے ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن مقابلے مردان زون کی طالبات نے اپنے نام کئے،جبکہ نیٹ بال ٹورنامنٹ کی چمپئن ٹرافی پشاور زون نے جیت لی۔ہائیرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ خیبر پختونخواکے زیر اہتمام فرنٹیئر کالج برائے خواتین پشاور میں کھیلے جانیوالے انٹر زونل گرلز کالجز سپورٹس فیسٹول کے سلسلے میں منعقدہ نیٹ بال کے فائنل میںپشاور زون کی طالبات نے کوہاٹ کی طالبات کو ایک سنسنی خیزمقابلے کے بعد 8کے مقابلے میں 11گول سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی،اس سے قبل سیمی فائنل میچ میں کوہاٹ زون نے بنوں زون کو شکست دی،دوسرے سیمی فائنل میں پشاور نے مردان کو ہراکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیاتھا،بیڈمنٹن کے سنگل ایونٹ کے فائنل میچ میں مردان کی نمائندگی کرتے ہوئے شیخ ملتون گرلز ڈگری کالج کی طالبہ عروج گل نے بہترین کھیل مظاہرہ کرکے پشاور کی اقراء کو 2-0سے شکست دی،وومینزڈبل میچ میں مردان کی عروج گل اورآمنہ نے پشاور کی امبر اور سائرہ کو 2-0سے ہرایا ،اور اسی طرح دوسرے سنگل میچ میں مردان کی آمنہ نے پشاور زون کی نمائندگی کرنے والی فرنٹیئر کالج کی طالبہ امبر کو 2-0سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں منعقدہ ٹیبل ٹینس کے فائنل میچ میں مردان زون کی طالبات ثناء،مسکان اور جویریہ نے پشاور کی طالبات اقراء،حاجرہ اور نازو کو 3-1 سے شکست دیکر فاتح ہونے کا اعزازحاصل کیا۔جبکہ تیسری پوزیشن کیلئے کھیلے جانیوالے میچ میں ملاکنڈ زون کی نمائندگی کرنے والی چترال کی طالبات روبینہ،صباء اور مسنہ نے ڈیرہ اسماعیل خان کی طالبات کو 3-0سے ہراکر تیسری پوزیشن کی ٹرافی اپنے نا م کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔