ایک اور غیر ملکی خاتون پاکستانی مرد کی محبت میں دل ہار بیٹھی

40 سالہ جرمن خاتون نے پنڈی بھٹیاں کے رہائشی اعجاز سے شادی رچا لی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 10 دسمبر 2018 14:55

ایک اور غیر ملکی خاتون پاکستانی مرد کی محبت میں دل ہار بیٹھی
پنڈی بھٹیاں (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 دسمبر 2018ء) : سوشل میڈیا نے ایک اور جوڑی بنا دی۔ تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر غیر ملکی خواتین سے دوستی اور پھر ان کا پاکستان پہنچ کر پاکستانی مردوں سے شادی رچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ایک اور غیر ملکی خاتون پاکستانی مرد کی محبت میں دل ہار بیٹھی ہے۔40 سالہ خاتون نے پنڈی بھٹیاں کے رہائشی اعجاز سے شادی رچا لی۔

خاتون کا تعلق جرمنی سے بتایا جا رہا ہے۔جرمن خاتون کی دوستی پنڈی بھٹیاں کے رہائشی اعجاز سے سوشل میڈیا پر  ہوئی تھی،جس کے بعد خاتون اعجاز کی محبت میں پاکستان آ گئی اور پاکستان پہنچ کر اعجاز سے شادی کر لی۔اس سے قبل قومی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر مجیب الرحمان کی امریکی خاتون بریٹنی سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی جس کے بعد دونوں نے شادی کا فیصلہ کیا اور بریٹنی پاکستان پہنچ کر رشتہ ازدواج میں بندھ گئی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ بھی 21 سالہ کاشف کی محبت میں مبتلا 41 سالہ امریکی خاتون نے اپنا گھر بار اور ملک چھوڑا اور پاکستان پہنچ کر نہ صرف اسلام قبول کیا بلکہ کاشف سے شادی بھی کر لی۔ جس کے بعد امریکہ کی ایک اور خاتون لاہور کے رہائشی لڑکے کی محبت میں گرفتار ہو کر پاکستان پہنچی۔23 سالہ محسن اور 19 سالہ ماریہ انجیلا کی سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر دوستی ہوئی، لیکن کچھ ہی عرصے کے بعد یہ دوستی پیار میں بدل گئی۔

محسن کی محبت میں گرفتار ہو کر 19 سالہ ماریہ انجیلا ہزاروں میل کا سفر طے کر کے لاہور پہنچ گئی اور شادی کر لی۔ جبکہ آن لائن گیم ''پوکر'' کھیلتے کھیلتے امریکی خاتون منڈی بہاؤالدین کے 26 سالہ نوجوان کی محبت میں مبتلا ہو گئی۔امریکی خاتون نے اپنی محبت کی خاطر امریکہ سے پاکستان پہنچ کر شادی کر لی۔ سوشل میڈیا پر ان شادیوں کے حوالے سے کئی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔