سعودی عرب: خاتون کی اناڑی ڈرائیونگ بیٹے کی جان لے گئی

العلاء میں بھی ایک خوفناک حادثے میں 7 افراد جاں بحق

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 10 دسمبر 2018 15:02

سعودی عرب: خاتون کی اناڑی ڈرائیونگ بیٹے کی جان لے گئی
الباحہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔10دسمبر2018ء) الباحہ ریجن کے علاقے الحجرہ میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے میں خاتون ڈرائیور کی گاڑی اُلٹ گئی جس میں اُسے خود بھی چوٹیں آئیں اور اُس کا ایک 9 سالہ بچہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ٹریفک پولیس کے ڈائریکٹر جنرل کرنل حُسین احمد مبارک نے بتایا کہ بظاہر یہی معلوم ہوتا ہے کہ خاتون ڈرائیونگ کے معاملے میں اناڑی تھی۔

یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب گاڑی خاتون کے قابو سے باہر ہو کر سڑک کنارے نصب ایک کھمبے سے جا ٹکرائی اور اُلٹ گئی۔ گاڑی میں خاتون ڈرائیور کے علاوہ اُس کے تین بچے اور بہن بھی سوار تھی۔ باقی سواریوں کو معمولی زخمی آئے، تاہم خاتون کا بچہ زندگی کی مزید بہاریں دیکھنے سے پہلے ہی دُنیا سے رخصت ہو گئی۔

(جاری ہے)

زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

کرنل مُبارک نے بتایا کہ خاتون ڈرائیونگ لائسنس کے بغیر گاڑی چلا رہی تھی، جس پر اُسے مقدمے کا سامنا کرنا ہو گی۔ ایک اور افسوس ناک حادثے میں العلاء کے الوجہ روڈ پر 7 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 6 زخمی ہو گئے۔ مرنے والے بدنصیبوں کی لاشیں مردہ خانے میں محفوظ کر دی گئیں جبکہ زخمیوں کو علاج معالجے کے لیے العلاء اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ حفر الباطن کے علاقے میں بھی 26 روز قبل لاپتہ ہونے والے افراد کی لاشیں ایک تالاب میں گِرنے والے گاڑی سے مِل گئیں۔ پولیس کی جانب سے امکان ہے کہ ان کی گاڑی تالاب میں جا گِری تھی جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔