بلوچستان میں تین روزہ انسداد پولیومہم کا آغاز،

سیکورٹی کے سخت انتظامات، مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 25لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقررکیا گیا ہے،کوارڈینٹرپولیو ایمرجنسی سینٹربلوچستان راشد رزاق

پیر 10 دسمبر 2018 16:04

بلوچستان میں تین روزہ انسداد پولیومہم کا آغاز،
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) کوارڈینٹرپولیو ایمرجنسی سینٹربلوچستان راشد رزاق نے کہا ہے کہ تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوگئی، جس کیلئے سیکورٹی کے سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں،کوئٹہ ،قلعہ عبداللہ اورپشین میں پولیو پانچ روز تک جاری رہے گی، انسداد پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے 25لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، مہم کے دوران 10ہزار 356کے قریب ٹیمیں حصہ لے گی جن میں 8ہزار 829 موبائل ٹیمیں،951 فکسڈ سائٹ اور 576 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں، کوئٹہ، پشین اور قلعہ عبداللہ میں انسداد پولیو مہم پانچ روز تک چلائی جائے گی۔

کوآرڈینٹر پولیو ایمرجنسی سینٹر بلوچستان راشد رزاق نے پیر کومیڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ کرنے کیلئے انسداد پولیو کی ہر مہم میں پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو سے بچائو کی ویکسینشن پلانا لازمی ہے۔

(جاری ہے)

کواڈینٹر پولیوایمرجنسی آپریشن سینٹر راشد رزاق نے کہا کہ علماء کرام اور سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ انکاری والدین کو راضی کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے والدین سے سفر کے دوران ٹرانزٹ ٹیموں سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اور شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپناکلیدی کردار ادا کریں تاکہ ہمارے بچے مستقل معذوری سے بچ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے لیے سیکورٹی کے انتظامات بھی مکمل کرلئے گئے ہیںجس میں بلوچستان لیویز اور پولیس تعینات ہوگی جبکہ فرنٹیئرکور بلوچستان بھی اضافی سیکورٹی فراہم کرے گی۔ راشد رزاق نے والدین سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے بار بارضرورپلائیں کیونکہ یہ وائرس یہاں موجود ہے جو کسی بھی وقت ان بچوں پر حملہ آور ہوسکتا ہے ۔