مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین پامالیوں اور نہتے کشمیریوں کے خلاف جرائم کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کے تحقیقاتی کمیشن کے قیام کی ضرورت ہے،

پاکستان نے انسانی حقوق کے تحفط کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی سمیت اہم پالیسی نوعیت کے جامع اقدامات کئے ہیں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اقوام متحدہ کے انسانی حققوق کے دن کے موقع پر پیغام

پیر 10 دسمبر 2018 16:38

مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین پامالیوں اور نہتے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں انسانی حقوق کی مسلسل سنگین پامالیوں نہتے کشمیریوں کے خلاف جرائم کی تحقیقات کیلئے اقوام متحدہ کی تحقیقاتی کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیاہے۔انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کے انسانی حققوق کے ڈکلیریشن کے 70 برس مکمل ہونے پر اپنے پیغام میں کہی ہے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض افواج کی جانب سے طاقت کے بے رحمانہ استعمال اورانسانی حقوق کی منظم پامالیوں کی اب اقوام متحدہ، اوآئی سی اوربرطانوی پارلیمان کے آل پارٹیز گروپ برائے کشمیر نے بھی باضابطہ تصدیق کی ہے، ایک ایسے وقت میں جب دنیا بھر میں انسانی حقوق کی بہتری کے ضمن میں پیش رفت دیکھنے کو مل رہی ہے ایسے میں ہمیں ان کشمیریوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو اس صدی اوراس دورمیں بھی غیر ملکی تسلط کے زیرسایہ جبر کی زندگی گزارنے پر مجبورہیں۔

(جاری ہے)

وزیرخارجہ نے کہاکہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی اعلامیہ کی سالگرہ کے موقع پرہم مقبوضہ جموں وکشمیر کے بہادر عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جو اپنے جائز حق خودارادیت کیلئے بھارتی وحشت اوربربریت کا پامردی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ 1948 ء میں آج ہی کے دن عالمی برادری نے انسان کی آزادی، وقار اورمساوی حقوق پر اتفاق ظاہرکیا، اس اعلامیہ نے بیرونی قبضہ اورتسلط کے خلاف آزادی کی تحاریک کو آگے بڑھانے، سنگین انسانی حقوق کی پامالیوں کی روک تھام اورآزادی کے بنیادی حق کے حصول میں کلیدی کرداراداکیا۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ انسانی حقوق کی اس اہم دستاویز کے مسودہ کی تیاری میںمیں بیگم شائستہ اکرام اللہ کی خدمات پر پاکستان کو فخر ہے۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ ہم سمجھتے ہیں اورپاکستان کا یہ موقف ہے کہ غربت اور ناانصافیوں میں کمی ، صحت وتعلیم تک یکساں رسائی ، پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی اورسینیٹیشن ، ماحولیات کے تحفظ، انسانی وقار کے احترام کو یقینی بنانے، انصاف ، مساوات اورامن واستحکام کو یقینی بنانے سمیت جامع طرز عمل کے ذریعے تمام انسانوں کے شہری، سیاسی، اقتصادی، معاشی، سماجی اورثقافتی حقوق کویقینی بنایا جاسکتا ہے۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ بابائے قوم قائداعظم محمدعلی جناح نے انسانی عظمت ووقار، مساوات، انصاف اورمعاشرے کے تمام طبقات کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے رہنماء اصول دیئے ہیں۔ بابائے قوم کے ان رہنماء اصولوں کو پاکستان کے دستوراورقوانین کا لازمی جزوبنایا گیاہے، ہماری آزادعدلیہ، آزادمیڈیا اورفعال سول سوسائٹی انسانی بنیادی انسانی حقوق کے محافظین کے طورپر اپنی ذمہ داریاں اداکررہی ہیں۔

وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان اقوام متحدہ کے بین الاقوامی انسانی حقوق کے طریقہ ہائے کارکوآگے بڑھانے میں اپنا تعمیری اورمثبت کردارجاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ ملکی طورپرپاکستان نے انسانی حقوق کے تحفط کو یقینی بنانے کیلئے قانون سازی سمیت اہم پالیسی نوعیت کے جامع اقدامات کئے ہیں۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ دنیا کو اس وقت دہشت گردوں اورانتہاپسندوں کے سنگین اوروسیع ترحملوں، پاپولسٹ انتخابی سیاست، نفرت اورعصبیت، عدم برداشت ، گاوکشی پرتشدد، حجاب پہننے والی خواتین کے خلاف جرائم سمیت بے شمارچیلینجوں کاسامنا ہے، ہمیں تقسیم کرنے والے ان چیلینجوں سے نمٹنے کیلئے ہمیں متحدرہنے کی زیادہ ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے اعلامیہ اوران کے مقاصدکو آگے بڑھانے کیلئے ملکی اوربین الاقوامی سطح پر کام کرنے میں پرعزم ہے۔