کشمیر میں بھارتی فورسز اور حکمرانوں کی عوام کش اور بے رحم پالیسیاں انتہائی قابل مذمت ہیں ، حریت قائدین

عالمی برادری مظالم کا یہ سلسلہ روکنے کے لئے بھارتی حکمرانوں پر دباؤ ڈالے ، بیان

پیر 10 دسمبر 2018 16:49

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) حریت قائدین سید علی گیلانی ، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے ریاست جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز اور حکمرانوں کی عوام کش اور بے رحم پالیسیوں کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیر میں ڈھائے جا رہے مظالم کا سلسلہ بند کرے اپنے مشترکہ بیان میں حریت قائدین نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے انتہائی بدترین اور تفکلیف دہ صورت حال سے دوچار ہیں ۔

(جاری ہے)

یہاں کے عوام کے جملہ سیاسی ، سماجی اور مذہبی حقوق طاقت کے بل پر سلب کر لئے گئے ہیں ۔ دنیا کا سب سے بڑا جماؤ والا خطہ ہونے کے ساتھ ساتھ حقوق انسانی کی بدترین پائمالیوں کے ذریعے یہاں کے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا گیا ۔ قتل و غارت ، ماردھاڑ ، گرفتاریاں ، بندشیں ، قدغنیں ، ہراسانیاں ، یہاں روز کا معمول ہیں ۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت حقوق انسانی کے تمام عالمی ادارے کشمیر میں ہونے والے بھارتی مظالم کا نوٹس لے کر بھارت پر دباؤ ڈالیں کہ وہ مظالم کا یہ سلسلہ بند کرے ۔ ۔