کے پی کے حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی سندھ حکومت کی سالہا سال کارکردگی سے بہتر ہے،ترجمان پی ٹی آئی

پیر 10 دسمبر 2018 16:51

کے پی کے حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی سندھ حکومت کی سالہا سال کارکردگی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) سیکریٹری اطلاعات و ترجمان پی ٹی آئی کراچی عادل انصاری نے کہا ہے کہ کے پی کے حکومت کی پانچ سالہ کارکردگی سندھ حکومت کی سالہا سال کارکردگی سے بہتر ہے۔ کے پی کے میں بڑی تعداد میں بچے پرائیویٹ اسکول چھوڑ کر سرکاری اسکولوں میں داخل ہوئے۔ کے پی کے میں یکساں نظام تعلیم ہے، آج وزرائ کے بچے سرکاری اسکولوں میں پڑھ رہے ہیں۔

عادل انصاری نے میڈیا۔کو۔جاری اپنے بیان میں پیپلزپارٹی کے رہنما مولابخش چانڈیو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ میں پولیس کو سیاست سے پاک کردیا گیا۔ آج پولیس آزادانہ کام کر رہی ہے۔ خیبر پختونخواہ میں ہسپتالوں کا نظام بہتری کی طرف جارہا ہے۔ پی پی والے ڈرتے ہیں قبل از وقت انتخابات تحریک انصاف کو کہیں مزید مضبوط نہ کردیں۔

(جاری ہے)

سندھ حکومت کی نااہلی اتنی بڑھ گئی ہے کہ اسے پی ٹی آئی کی کامیابی دکھائی نہیں دیتی۔ پی ٹی آئی حکومت میں ادارے اتنے مضبوط ہیں کہ آج زرداری بھی احتساب کی زد میں ہیں حکومتی اداروں اور عوام کو تباہ و برباد کرنا پیپلز پارٹی کا وطیرہ ہے۔سندھ میں دسیوں سال حکومت سے پیپلز پارٹی نے کچھ نہیں سیکھا۔ تھر میں بچے بھوک سے مر رہے ہیں اور پورا سندھ صاف پانی سے محروم ہے۔آج بھی پی پی رہنما سطحی باتوں سے اپنی سیاست چمکا رہے ہیں۔