طبی سہولیات کی فراہمی میں تاخیر کی جاتی ہے، شہبازشریف

جیل میں سب چیزیں ساتھ چلتی ہیں، جیل کی سختیاں بھی برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے مختصرگفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 دسمبر 2018 16:35

طبی سہولیات کی فراہمی میں تاخیر کی جاتی ہے، شہبازشریف
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 دسمبر 2018ء) سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی میاں محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ طبی سہولیات کی فراہمی میں تاخیر کی جاتی ہے، جیل میں سب چیزیں ساتھ چلتی ہیں، جیل کی سختیاں برداشت کرنا پڑتی ہیں۔ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال ”کیا آپ کو طبی سہولیات میسر ہیں“ پرکہا کہ جیل ہے سب چیزیں ساتھ چلتی ہیں۔

طبی سہولیات کی فراہمی میرا حق ہے لیکن اس میں تاخیر کی جاتی ہے۔ایک اور سوال کہ ”میاں صاحب کیا جیل میں سختی ہوتی ہے؟“ کے جواب میں کہا کہ جیل ہے سختی توہوگی، لیکن جیل کی سختیاں برداشت کرنا پڑتی ہیں۔واضح رہے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی پارلیمنٹ ہاؤس میں پہنچ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسپیکر قومی اسمبلی نے شہبازشریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کررکھے تھے۔

نیب افسران سابق وزیراعلیٰ شہبازشریف کوبراستہ موٹروے لاہور سے اسلام آباد لے کرگئے۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہبازشریف سے چیئرمین ن لیگ راجا ظفرالحق نے ملاقات کی، جس میں پارلیمانی امور اور نیب کیسز سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ مزید برآں اسلام آباد میں قائم منسٹر انکلیو میں قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے دیا ہے۔

چیف کمشنر اسلام آباد نے رہائش گاہ کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق شہباز شریف کو قومی اسمبلی کے مکمل سیشن تک سب جیل میں رکھا جائے گا۔واضح رہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے شہباز شریف کے پروڈکشن آرڈر جاری کئے تھے۔ یاد رہے کہ نیب لاہور نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو 5 اکتوبر 2018 کو صاف پانی اسکینڈل کے حوالے سے بیان کے لیے طلب کیا تھا جہاں انہیں نیب نے باضابطہ طور پر گرفتار کرلیا تھا۔