مقبوضہ کشمیر : حاجن میں شہید نوجوانوں کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد کی شرکت

پیر 10 دسمبر 2018 17:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) مقبوضہ کشمیر میںبھارتی فورسز کے ہاتھوں گزشتہ روز سرینگر کے علاقے مجہ گنڈ میںشہید ہونے والے دو کمسن لڑکوں کی نماز جنازہ میںہزاروں افراد نے شرکت کی۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق نماز جنازہ شہید مدثر رشید پرے اورثاقب بلال شیخ کے آبائی علاقے حاجن میں ادا کی گئی جہاں خواتین اور بچوں سمیت لوگوں کا سمندر امڈ آیا تھا ۔

(جاری ہے)

لوگوں نے شہداء کی میتیں اٹھائے آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے قصبے کے ہر علاقے میںمارچ کیا جس کے بعد انہیں عید گاہ لایا گیا جہاں ہزاروں افراد نے ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ لوگوں کی بڑی تعداد میں آمد کے سبب شہداء کی نماز جنازہ کئی بار ادا کی گئی۔ دریں اثناء شہید نوجوانوں کی تدفین کے بعدبھارتی فورسز نے حاجن میں احتجاجی مظاہرین پر آنسوں گیس سمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس کے جواب میں نوجوانوں نے فورسز اہلکاورں پر پتھرائو کیا ۔ علاقے میں جھڑپوں کا یہ سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا۔