مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو موثر انداز میں اُجاگر کرنے میں تارکین وطن نے اہم کردار ادا کیا

صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان کی انسٹیٹیوٹ آف کنٹمپر یری اسلا مک تھاٹس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر بنگش سے ملاقات میں گفتگو

پیر 10 دسمبر 2018 17:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو موثر انداز میں اُجاگر کرنے میں تارکین وطن نے اہم کردار ادا کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انسٹیٹیوٹ آف کنٹمپر یری اسلا مک تھاٹس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ظفر بنگش سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے پیر کے روز اُن سے کشمیر ہائوس میں ملاقات کی ۔

صدر سردار مسعود خان نے ڈاکٹر ظفر بنگش کی کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی تحریک کے لیے کینیڈا میں کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کینیڈا کے قانون سازوں کے ساتھ مل کر وہاں کی قومی اور صوبائی اسمبلی کے ارکان سمیت عوامی سطح پر کشمیر کاز کے لیے گراں قدر خدمات سر انجام دیں ۔

(جاری ہے)

جس کے لیے آزاد اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام تہہ دل سے اُن کے شکر گزار ہیں ۔

صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ انہیں یہ جان کہ نہایت مسرت ہوئی ہے کہ ڈاکٹر ظفر بنگش اور ان کے ساتھیوں نے کینیڈ ین پارلیمنٹرینز ، تھنک ٹینکس، دانشوروں اور بلدیاتی اداروں سمیت دیگر رائے ساز اداروں تک مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگوں کی آواز کو پہنچایا۔ صدر سردار مسعود خان نے کشمیری و پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اپنے متعلقہ ممالک کے پارلیمنٹرینز کو متحرک کریں تاکہ وہ پارلیمان کے اندر اور پارلیمان کی خارجہ امور کی کمیٹیوں میں مسئلہ کشمیر ، کشمیر یوں کے پیدائشی حق خود اردیت اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال کو زیر بحث لائیں ۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بحث مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال اور تنازعہ کشمیر کو اس کے صحیح تناظر میں سمجھنے میںنہایت مدد گار ثابت ہو گی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ظفر بنگش نے صدر سردار مسعود خان کا کینیڈا کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اُن کے دورے سے کینیڈا میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کو تنازعہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کو سمجھنے میں بڑی مدد ملی ۔

انہوں نے کہا کہ صدر آزاد کشمیر کے کینیڈا کے دورے کے دوران مختلف تھنک ٹینکس سے خطاب خاص طور پر کینیڈین انٹرنیشنل کونسل سے خطاب سے تنازعہ کشمیر کی مختلف جہتوں کو سمجھنے میں بڑی مدد ملی ۔ ڈاکٹر بنگش نے مزید کہا کہ صدر آزاد کشمیر کے دورہ کینیڈا کو کینیڈین میڈیا نے نمایاں طور پر اُجاگر کیا اور اس دورے کے بعد اُن کے تنظیم نے اس دورے کے اثرات کو سمیٹنے کے لیے کینیڈین پارلیمنٹرینز ، دانشوروں اور میڈیا کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے مسلسل با خبر رکھا ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ صدر آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں کی انتھک محنت رنگ لائے گی اور جموں و کشمیر کے عوام کو 70 سال جاری جدوجہد کے نتیجے میں آزاد ی حاصل ہو گی ۔