Live Updates

حکومت توانائی بحران کے حل کے لئے ہائیڈل ، رینوایبل انرجی منصوبوں پر توجہ دے رہی ہے‘ اعجاز چوہدری

چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعظم کی کوششوں سے فنڈنگ کا مسئلہ حل کر کے ڈیم بنائیں گے‘رہنما تحریک انصاف

پیر 10 دسمبر 2018 17:35

حکومت توانائی بحران کے حل کے لئے ہائیڈل ، رینوایبل انرجی منصوبوں پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اعجاز چوہدری نے کہا کہ ملک سے توانائی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے وزیر اعظم عمران خان ہائیڈل اور رینوایبل انرجی کے منصوبوں کو ترجیح دے رہے ہیں ،چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیر اعظم کی کوششوں سے فنڈنگ کا مسئلہ حل کر کے ڈیم بنائیں گے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرنمنٹل سائنسز کے زیر اہتمام پاکستان ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنسز کے اشتراک سے توانائی کے بحران اور اس کے حل پر 38 ویں سالانہ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔

کانفرنس میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد، وائس چانسلر جھنگ یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، رفاہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد، پاکستان ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنسز کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلیم چوہدری، پرنسپل کالج آف ارتھ اینڈ اینوائرنمنٹل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید، سائنسدان، انجینئرز، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہا کہ حکومت سولر، ونڈ اور آبی لہروں اور دیگر ذرائع سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ پاکستان میں قدرتی وسائل کی کوئی کمی نہیں ہمارے بلند پہاڑوں سے جتنا پانی اترتا ہے ہم بے شمار چھوٹے بڑے ڈیم بنا سکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آئندہ دس سے پندرہ سالوں میں پانی کے بحران کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا کمیونیکیشن اور ڈسٹری بیوشن سسٹم فرسودہ ہے۔ پانچ سالوں میں لائن لاسز، حادثات اور بجلی چوری کی روک تھام کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان طلباء اور سائنسدانوں کو توانائی کے منصوبوں سے متعلق کوئی بھی مسئلہ ہو تو حکومت کے متعلقہ نمائندوں سے رابطہ کریں۔ وائس چانسلر کی جانب سے پنجاب یونیورسٹی میں قائم کئے جانے والے انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی سٹڈیز کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی میں صلاحیت ہے کہ یہ ہر شعبے میں رہنمائی فراہم کر سکتی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر نیاز احمد نے کہا کہ پاکستان کے پاس وافر قدرتی وسائل ہیں کہ وہ بجلی کے بحران سے بآسانی نمٹ سکتا ہے۔ ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی ماہرین کے لئے اہم چیلنج ماحول دوست اور سستی بجلی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں شمسی توانائی ، کول، ہائیڈل انرجی منصوبوں پر ذیادہ توجہ دینی چاہئے۔ خاص طور پر کوئلے کو بہترین انداز میں تونائی کے منصوبوں میں استعمال کرنے پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب یونیورسٹی میں ری نیوایبل انرجی سنٹر قائم کیا جائے گا اور اس منصوبے کی فنڈنگ کی جائے گی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید نے کہا کہ اس کانفرنس کے ذریعے توانائی کے بحران کے حل کے لئے حکومت کوبہترین سفارشات دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں سائنسدان اور نوجوان محققین ایک دوسرے کی تحقیقات اور تجربات سے استفادہ کریں گے۔ اس موقع پر پاکستان ایسوسی ایشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنسز کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلیم چوہدری نے رپورٹ پیش کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات