سپریم کورٹ ،ْ زرغون روڈ بندش اور ڈومیسائل سے متعلق سماعت کے دور ان چیف سیکرٹری بلوچستان طلب

سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی کی یقین دہانی پر زرغون روڈ کی بندش سے متعلق سماعت ملتوی ڈومیسائل کیس کی سماعت اسلام آباد میں کی جائیگی،چیف جسٹس پاکستان

پیر 10 دسمبر 2018 18:00

سپریم کورٹ ،ْ زرغون روڈ بندش اور ڈومیسائل سے متعلق سماعت کے دور ان چیف ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں زرغون روڈ بندش اور ڈومیسائل سے متعلق پیر کو سماعت ہوئی سماعت چیف جسٹس سپریم کورٹ میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس آصف سعید کھوسہ اور جسٹس گلزار احمد پر مشتمل تین رکنی بینچ نے کی۔کوئٹہ شہر میں ریڈ زون کی بندش کے خلاف سماعت کے دوران وکیل نذیر آغا نے چیف جسٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ملک بھر میں سڑکیں کھلوائی ہیں زرغون روڈ کی سڑک ریڈ زون کے نام پر بند ہے،چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے ایڈوکیٹ جنر ل کو ہدایت کی کہ چیف سیکرٹری کو بلوائیں سڑک کیوں بند ہی دنیا بھر میں سیکورٹی کے نام پر سڑکیں بند نہیں ہوتیں،بعدازاں رغون روڈ کو بند کرنے سے متعلق درخواست پر چیمبر میں سماعت کی ۔

سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی قمر مسعود، ڈی آئی جی عبدالرزاق چیمہ چیمبر میں پیش ہوئے ۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی نے چیف جسٹس کو بتایا کہ چیف سیکرٹر ی بارڈ کمیشن میٹنگ کے سلسلے میں ایران میں ہیں، میں چیف سیکرٹری کی جگہ آپ کے سامنے حاضر ہوا ہوں، انہوں نے بتایا کہ لوگ احتجاج کرتے ہوئے گورنر ہاؤس آتے ہیں جس کی وجہ سیکورٹی صورتحال میں مسائل درپیش ہوتے ہیں، اس بات کی یقین دہانی کراتے ہیں کہ وی آئی پی موومنٹ کے دوران اسکول بند نہیں ہوں گے،سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹر ی میں ڈومیسائل کی منسوخی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا چاروں صوبوں کے ایڈوکیٹ جنرل موجود ہیں ایڈوکیٹ جنرل بلوچستان رئوف عطاء نے عدالت کو بتایا کہ صرف بلوچستان سے ایڈوکیٹ جنرل موجود ہیں، باقی تینوں صوبوں سے نہیں آئے،جس پر چیف جسٹس میاں ثاقب نثارنے کہا کہ یہ صرف بلوچستان کا مسئلہ نہیں ہے ہمیں ملک بھر کے قوانین دیکھنے ہوں گے،بہتر ہے اس معاملے کو اسلام آباد میں دیکھیں تاکہ سب وہاں موجود ہوں، انہوں نے کہا کہ اس کیس کی آئندہ سماعت اسلام آباد میں ہوگی جس کے بعد کیس کی سماعت ملتوی کردی گئی