فیصل آباد کے تمام اہم روٹس پر جدید سپیڈو بسیں چلانے کا فیصلہ

پیر 10 دسمبر 2018 18:17

فیصل آباد کے تمام اہم روٹس پر جدید سپیڈو بسیں چلانے کا فیصلہ
فیصل آباد۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) فیصل آباد میں شہریوں کو باکفائت اور آرام دہ سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام اہم روٹس پر جدید سپیڈو بسیں چلانے کا فیصلہ کیا گیاہے جبکہ 200تک سپیڈو بسوں کے اربن روٹس پر چلنے سے عوام کو آمدو رفت کی بہترین سہولیات دستیاب ہو سکیں گی نیز اس ضمن میںاربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی کے زیر اہتمام شہر کے ایک کونے سے دو سرے کونے تک آمد و رفت کیلئے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی بہترین سروس کی فراہمی کی غرض سے ایسا منصوبہ وضع کیا جارہا ہے جس پر کم سے کم فنڈز کے خرچ سے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے گا ۔

فیصل ا ٓباد اربن ٹرانسپورٹ سوسائٹی کے اجلاس کے دوران ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اندرون شہر آمد و رفت ، شہریوں کو با کفایت اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے قابل عمل روٹس کا تعین کیا جائے تاکہ مطلوبہ سپیڈو بسوں کا بندوبست کرنے کیلئے اقدامات کئے جا سکیں۔

(جاری ہے)

اجلاس کے دوران شہر میں ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں سپیڈو بسیں چلانے کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا اور اس امر پر زور دیا گیا کہ روٹس کے تعین کیلئے عوامی ضروریات و سہولیات کا خاص خیال رکھا جائے ۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ شہر میں داخل ہونے والی مین شاہرات سے لے کر اندرون شہر مختلف محلوں‘ مارکیٹوں اور علاقوں تک ایسے مختلف روٹس تیار کئے جائیں جو آمد و رفت کیلئے محنت کشوں سمیت ہر طبقہ کے شہریوں کیلئے آسان اور فائدہ مند ہوں ۔اس موقع پر ایڈیشنل کمشنر ( ریونیو ) ملک خادم حسین جیلانی نے شہر کے مختلف علاقوں میں سفری ضروریات کے بارے میں بریفنگ دی جبکہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو ) طارق نیازی ‘ ایڈیشنل کمشنر ( ریونیو ) رائے واجد علی ‘ منیجر فیصل آباد اربن ٹرانسپورٹ سروس میجر وجاہت ‘ سپرنٹنڈنٹ آر ٹی اے عبدالرحمن و دیگر حکام بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :