اقتصادی جنگ میں ٹھہرائو کے باعث روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان

پیر 10 دسمبر 2018 18:26

اقتصادی جنگ میں ٹھہرائو کے باعث روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے اور چین اور امریکہ کے درمیان پچھلے کافی عرصے سے جاری اقتصادی جنگ میں ٹھہرائو کے باعث روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان۔ پاکستان میں گزشتہ چند روز کے دوران روئی کی قیمتیں 200 سے 300 روپے فی من اضافے کے ساتھ 9 ہزار 200 روپے فی من تک پہنچ گئیں۔

چیئرمین کاٹن جنرز فورم احسان الحق نے بتایا کہ چین اور امریکہ کے درمیان پچھلے کافی عرصے سے جاری اقتصادی جنگ کے باعث امریکہ سے روئی کے سب سے بڑے خریدار چین نے امریکہ سے روئی درآمد نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے باعث دنیا بھر میں روئی کی قیمتوں میں مسلسل مندی کا رجحان دیکھا جارہا تھا تاہم چند روز قبل ارجنٹائن میں جی 20 ممالک کی کانفرنس کے دوران امریکہ اور چین نے ایک دوسرے پر عائد ٹیکسز میں کمی کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ چین دوبارہ سے امریکہ سے روئی خریداری شروع کرے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مسلسل اضافے کے باعث پاکستانی کاٹن ایکسپورٹس میں زبردست تیزی اور روئی کی درآمدات پہلے کے مقابلے میں کافی مہنگی ہونے کے باعث ٹیکسٹائل ملز مالکان نے روئی خریداری نے بھی اضافہ کردیا ہے جس کے باعث پاکستان میں روئی کی قیمتوں میں زبردست تیزی کا رجحان سامنے آیا ہے اور توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ آئندہ چند روز کے دوران روئی اور پھٹی کی قیمتوں میں مزید تیزی کا رجحان سامنے آئے گا۔