Live Updates

وزراء کی کارکردگی رپورٹ، مراد سعید کی کارکردگی بہترین قرار

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی وزراء کی کارکردگی کیلئے جائزہ اجلاس جاری، اجلاس میں شیخ رشید نمبر ون جبکہ مراد سعید نمبر ٹو رہے، وفاقی وزیرآئی ٹی خالد مقبول کے ساتھ مشیر برائے آئی ٹی لگائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 10 دسمبر 2018 18:12

وزراء کی کارکردگی رپورٹ، مراد سعید کی کارکردگی بہترین قرار
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔10 دسمبر 2018ء) وزیراعظم عمران خان نے وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی کارکردگی کو بہترین قرار دے دیا گیا، مراد سعید کو وفاقی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے،وفاقی وزیرآئی ٹی خالد مقبول کے ساتھ مشیر برائے آئی ٹی لگائے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی وزراء کی کارکردگی کا جائز ہ لینے کیلئے طویل اجلاس 7گھنٹے سے جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ کے 100روز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔اجلاس میں وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کی کارکردگی پر وزیر اعظم عمران خان اور کابینہ ارکان نے ڈیسک بجا کرداد دی۔اجلاس میں شیخ رشید کی کارکردگی کو سب سے بہترین قرار دیا گیا۔اسی طرح اجلاس میں دوسرے نمبر پر وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی کارکردگی کو بہترین قرار دے دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

مراد سعید کو وفاقی وزیر بنائے جانے کا امکان ہے،وفاقی وزیرآئی ٹی خالد مقبول کے ساتھ مشیر برائے آئی ٹی لگائے جانے کا امکان ہے۔سول ایوی ایشن کا اضافی چارج وفاقی وزیرنجکاری کودیا جا سکتا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ سو دن کی کارکردگی کے حوالے سے وزراء کی بریفنگ جو ساڑھے گیارہ بجے شروع ہوئی اور اب بھی جاری ہے۔

وزیر اعظم جس محنت، صبر اور تحمل سے تمام وزراء کی کارکردگی جانچ رہے ہیں یہ انہی کا خاصہ ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ سو دن میں وزارتوں میں جو کام ہوئے ہیں پچھلے دس سال میں اس کا تصور بھی نہیں ہو سکتا تھا۔ فواد چودھری نے کہا کہ مجھے لگتا نہیں کہ میں بریفنگ کر پاؤں گا کیونکہ ابھی میٹنگ ختم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان کے سو روزہ کارکردگی بارے اپوزیشن جماعتوں نے شدید تنقید کی۔ لیکن عمران خان اپنے وزراء اور حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ عمران خان نے وزراء پر واضح کیا ہوا ہے کہ اگر کسی کی کارکردگی متاثر ہوئی تو اس کی وزارت سے چھٹی کروا دی جائے گی۔ وزیراعظم نے اپنے سو روز میں متعدد وفاقی کابینہ کے اجلاس کیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات