گلیات میں سیزن کی پہلی برف باری، سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹریفک ایڈوائزری جاری

سیاحوں کو صرف پیٹرول پر چلنے والی گاڑی پر ہی گلیات آنے اور گاڑی میں ٹو چین بھی ساتھ رکھنے کی ہدایت

پیر 10 دسمبر 2018 19:14

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) گلیات میں رواں سیزن کی پہلی برفباری کے بعد سیاحوں کے رش کے پیش نظر گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹریفک ایڈوائزری جاری کردی جس میں کہا گیا ہے کہ سیاح صرف پیٹرول پر چلنے والی گاڑی پر ہی گلیات آئیں اور گاڑی میں ٹو چین بھی ساتھ رکھیں۔

(جاری ہے)

جی ڈی اے ترجمان احسن حمید کے مطابق گلیات میں رواں سیزن کی پہلی برف باری تاحال جاری ہے‘ سیاحوں کو ٹریفک سہولیات کے پیش نظر اضافی سٹاف تعینات کردیاگیاہے جبکہ سیاحوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ سڑک پر گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں نہ بنائیں تاکہ ٹریفک متاثر نہ ہو، پیٹرول کا ٹینک فل رکھیں اور غلط پارکنگ نہ کریں۔

ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے رضا علی حبیب نے سیاحوں کی سہولیات کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے کی اور سیاحوں کو ہر ممکن سہولت اور معاونت فراہم کرنے ہدایات جاری کی ہیں۔سیاح معاونت، مدد اور رہنمائی کے لیے جی ڈی اے کنڑول روم 09929310423 سے رابطہ کرسکتے ہیں۔