لاہویوں پر کوڑا ٹیکس لگانے کا فیصلہ

رہائشی علاقوں میں 88 روپے تا 300 روپے تک صفائی ٹیکس لگایا جائے گا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس پیر 10 دسمبر 2018 19:01

لاہویوں پر کوڑا ٹیکس لگانے کا فیصلہ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار-10 دسمبر 2018ء) :لاہور میں شہریوں پر 88 روپے تا 300 روپے فی مرلہ ٹیکس لگنے کا امکان ،کمرشل علاقوں کی کیٹگریز بنائی جائیں گی۔تفصیلات کے مطابق لاہور کی صفائی کے لیے مامور کمپنی ،لاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی پر آنے والے اخراجات ایک سوالیہ نشان بن چکے ہیں ،نئی حکومت کا کہنا ہے کہ وہ شہر کی صفائی کے لیے اتنی بڑی رقم نہیں دے سکتے۔

2 روز قبل صوبائی وزیر بلدیات عبدالعلیم خاننے کہا تھا کہ حکومت کوڑا اٹھانے کے لئے اربوں روپے خرچ نہیں کر سکتی لہٰذا صفائی پر ٹیکس لگایا جائے گا اور لاہور کے شہری اب کوڑا اٹھانے پر خود پیسے دیں گے۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بجٹ خسارہ بہت زیادہ ہے ،مہنگائی کا جن عوام کو سہنا پڑے گا، خوشخبریاں 2019 میں ملیں گی۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت ایک روپیہ خرچ کیے بغیر کمپنیوں سے کوڑے سے بجلی پیدا کرنے کے لیئے کنٹریکٹ کرے گی۔ ٹیکس ماڈل اور پسماندہ علاقوں کو مد نظر رکھتے ہوئے لگایا جائے گا۔اس کے بعدلاہورویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے صفائی کے پیسے وصول کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ عوام سے بھی اب صفائی فیس وصول کی جائے گی۔ اس سے قبل صرف ہاؤسنگ سوسائٹیاں 334 روپے فی ٹن کے حساب سے ادائیگی کرتی تھیں۔

تاہم ویسٹ مینجمنٹ کمپنی پہلے اہم شاہراہوں کے ساتھ گلی محلوں میں بھی صفائی کرتے تھے جس کی اجرت حکومت ادا کرتی تھی۔اس حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ صفائی ٹیکس کی رقم کے حوالے سے فیصلہ کرلیا گیا ہے۔شہر کے رہائشی علاقوں میں 88 روپے سے لے کر 300 روپے فی مرلہ تک کوڑا ٹیکس دینا ہوگا جبکہ کمرشل علاقوں کی کیٹیگریز بنائی جائیں گی اور اس کے بعد ان کے ریٹ طے کئیے جائیں گے۔