پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا گیا

پاکستان نے انسانی حقوق کونسل کے بانی رکن کی حیثیت سے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے بہت کام کیا ہے، موجودہ حکومت بالخصوص وزارت انسانی حقوق نے 3 ماہ کے قلیل عرصہ میں انسانی حقوق سے متعلق 9 قوانین کا مسودہ تیار کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشت گردی، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا ہے،وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری کا انسانی حقوق کا عالمی دن کے موقع پر پیغام

پیر 10 دسمبر 2018 19:45

پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا گیا
اسلام آباد۔ 10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا گیا جس کا مقصد عوام الناس بالخصوص خواتین، بچوں اور اقلیتوں میں انسانی حقوق سے متعلق شعور پیدا کرنا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں انسانی حقوق کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے ریلیاں، مذاکرات، سیمینارز اور دیگر تقریبات منعقد کی گئیں جن میں مقررین نے انسانی حقوق کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

اس دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا کہ پاکستان نے 1948ء میں انسانی حقوق کے عالمی اعلامیہ پر دستخط کئے تھے۔ انسانی حقوق کونسل کے بانی رکن کی حیثیت سے پاکستان نے انسانی حقوق کے تحفظ اور فروغ کیلئے بہت کام کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے یہ سنہری الفاظ ’’ہم ایک ریاست کے برابر کے شہری ہیں‘‘ رہنما اصول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بالخصوص وزارت انسانی حقوق نے 3 ماہ کے قلیل عرصہ میں انسانی حقوق سے متعلق 9 قوانین کا مسودہ تیار کیا جن میں بچوں سے زیادتی کی روک حکام، اقلیتوں کے حقوق، تشدد کے خلاف تحفظ، قانونی مدد کو بہتر بنانے اور انصاف تک رسائی حاصل کرنے جیسے معاملات شامل ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت انسانی حقوق نے مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر بہترین انداز میں اجاگر کیا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے ریاستی دہشت گردی، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو بے نقاب کیا ہے۔

خواتین کے حقوق کی سرگرم رہنما مدیحہ خان نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں خواتین کے حقوق کے تحفظ اور صنفی امتیاز کے خاتمہ کیلئے عوام میں آگاہی مہم کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بہتری کیلئے ہمیں معاشرے کی ہر عورت کے حقوق کو یقینی بنانا ہو گا، چاہئے اس کا تعلق شہر سے ہو یا گائوں سے۔ اس دن کی مناسبت سے الیکٹرونک میڈیا نے بھی انسانی حقوق کو اجاگر کرنے کیلئے ڈرامے، دستاویزی فلمیں اور مذاکرے نشر کئے جبکہ پرنٹ میڈیا نے خصوصی مضامین اور سیپلیمنٹ کا اجرا کیا واضح رہے کہ انسانی حقوق کا عالمی دن ہر سال 10 دسمبر کو منایا جاتا ہے۔