نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈانشورنس کمپنی (یو آئی سی)کے درمیان ملک کے زرعی شعبہ کو مستحکم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا

پیر 10 دسمبر 2018 20:39

نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈانشورنس کمپنی (یو آئی سی)کے درمیان ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈانشورنس کمپنی (یو آئی سی)کے درمیان ملک کے زرعی شعبہ کو مستحکم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا ۔معاہدے کے تحت یو آئی سی زراعت اور لائیو سٹاک کے شعبوں میں کام کرنے والے کاشتکاروں کو بیمے کی سہولت فراہم کرے گی تاکہ انھیں نقصانات سے بچایا جا سکے۔اس موقع پریونائیٹڈ انٹرنیشنل گروپ کے چئیرمین میاں ایم اے شاہدنے کہا کہ پاکستان میں فصلوں اور لائیو سٹاک کی انشورنس کا آغاز ہمارے گروپ نے کیا ۔

ہم اس کام کو کاروبار کے ساتھ سماجی خدمت سمجھتے ہیں اور ہماری کمپنی نے کم وقت میں ریکارڈ ترقی کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ زرعی شعبہ موسمی تغیرات اور دیگر عوامل کی وجہ سے غیر مستحکم رہتا ہے جس کے لئے انشورنس کاتحفظ ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ قومی جی ڈی پی میں زراعت کا حصہ اکیس فیصد سے گر کے اٹھارہ فیصد رہ گیا ہے مگر اسکے باوجود یہ شعبہ بیالیس فیصد افراد کو روزگار فراہم کر رہا ہے جبکہ پچھتر فیصد برامدات بھی اسی شعبے سے متعلق ہیں۔

میاں ایم اے شاہدنے کہا کہ ایک کروڑ بیس لاکھ افراد زراعت سے براہ راست وابستہ ہیں جبکہ چالیس لاکھ لائیو سٹاک سے وابستہ ہیںاور مارکیٹ میں اتار چڑھائو یا کسی قسم کی کمی بیشی سے اس شعبہ پر دارومدار رکھنے والے افراد متاثر ہوتے ہیں۔ملکی آبادی کا چونسٹھ فیصد دیہات میں رہتا ہے جو کسی نہ کسی طریقہ سے زراعت سے وابستہ ہے جنھیں تحفظ فراہم کرنا ضروری ہے۔

فرانس کے مقابلہ میں پاکستان میں گندم کی فی ایکڑ پیداوار 38 فیصد، امریکہ کے مقابلہ میں چاول کی پیداوار29 فیصد اور چین کے مقابلہ میں کپاس کی پیداوار 52 فیصد ہے جو افسوسناک ہے۔برازیل میں گزشتہ بیس سال میں زرعی پیداوار میں چار سو فیصف اضافہ ہوا ہے مگر پاکستان میں صورتحال حوصلہ افزاء نہیں ہے جسکے لئے بیج، کھاد، کیڑے مار دوائوں، توانائی کی قیمت اور کسانوں کو عدم استحکام سے بچانا ضروری ہے۔ #