ڈپٹی کمشنر سکھر اور میئر سکھر کی قیادت میں انسانی حقوق کے عالمی دن پر امن واک

پیر 10 دسمبر 2018 22:05

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے سکھر میں الہی بخش ٹاور سے پریس کلب سکھر تک ’’امن واک ‘‘ نکالی گئی اور سیمینار کاانعقاد کیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر اور میئر سکھر کی قیادت میں کی گئی واک کے دوران فضا میں امن کے پرندے آزاد چھوڑے گئے۔ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سکھر غلام مرتضیٰ شیخ نے تمام سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں سمیت سول سوسائٹی اور این جی اوز کے نمائندوں سے مخاطب ہوکر کہا کہ معاشرے کے نوجوانوں ، مرد حضرات ، خواتین اور بچوں کے تحفظ ، معیاری تعلیم اور صحت کی تمام سہولیات کی فراہمی کے لیے خدمت کے جذبے کے ساتھ انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی آواز بلند کرنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کو اجاگر کرنے اور قانون پر عمل کروانے کے لیے تمام متعلقین کو مشترکہ کوششیں بروئے کار لینا ہونگی ۔

(جاری ہے)

سیمینار سے میئر سکھر بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق اس وقت با معانی ہونگے جب ایک عام شہری رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر اپنے حقوق تک رسائی حاصل کر سکے ۔ اے ڈی سی ون سکھر علی رضا انصاری اور ڈپٹی میئر سکھر طارق چوہان ، ڈپٹی ڈائریکٹر انسانی حقوق ، ڈی ایچ او ہیلتھ سکھر عبدالستار مہر ، ای ڈی او ایجوکیشن عبدالعزیز ہکڑو ، ای ڈی او پرائمری سکھر ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ، مختلف این جی اوز کے نمائندوں اور اسکول کے اساتذہ اور طلباء نے بڑی تعدا د میں شرکت کی اور سیمینار سے خطا ب کیا۔