Live Updates

وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ مطمئن نہ ہوں تو وزراء کو تبدیل کر سکتے ہیں ‘عبدالعلیم خان

عمران خان قوم کی امیدوں کو پورا کرینگے، اگر میں کرپٹ تھا تو اب تک کارروائی کیوں نہیں کی گئی‘میڈیا سے گفتگو

پیر 10 دسمبر 2018 22:09

وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ مطمئن نہ ہوں تو وزراء کو تبدیل کر سکتے ہیں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ زرداری اور نواز شریف کے خلاف ایک کیس بھی ایسا نہیں جو عمران خان کی حکومت نے بنایا ہو ان دونوں کے ایک دوسرے کے خلاف لگائے جانے والے الزامات اور درج ہونے والے کیسوں کی پیروی ہو رہی ہے ،کل تک ایک دوسرے کی کرپشن کو تحفظ دے کر اقتدار کی باریاں لینے والے آج تحریک انصاف کے خلاف اکٹھے ہو رہے ہیں لیکن ان سب کو اپنے کیے کا حساب دینا ہو گا ۔

عبدالعلیم خان نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10سال تک پنجاب میں اقتدار میں رہنے والوں کو میری کرپشن یا د آ رہی ہے انہیں جواب دینا چاہیے کہ میرے خلاف اس سے پہلے کیوں کاروائی نہیں کی گئی اورصرف میرا قصور یہ تھا کہ میں نی2015میں لاہور کے ضمنی الیکشن میں نواز لیگ کو ٹف ٹائم دیا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ وہ2008سے حکومت سے باہر اور اپوزیشن میں تھے اور2012سے تحریک انصاف کی فرنٹ لائن قیادت میں دھرنوں ، لاک ڈاؤن اور احتجاجی تحریک میں لیڈ کر رہے تھے اُس وقت شریف خاندان کونسی بانسری بجا رہے تھے اور کیوں میرے خلاف کوئی کیس ٹیک اپ نہیں کیا گیا سینئر وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ حمزہ شہباز کو یہ بھی اعتراف کرنا چاہیے تھا کہ2015میں میرے خلاف اُن کے ایماء پر شروع ہونے والی کاروائی بھی غلط تھی یہ کہاں کا انصاف ہے کہ مجھے نواز شریف اور شہباز شریف سے ملایا جا رہا ہے،وہ اقتدار میں تھے جبکہ میں اپوزیشن میں اُن کا مقابلہ کر رہا تھا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ آصف علی زرداری کی منی لانڈرنگ کا اُن کی طرف سے دیا گیا جواب عوام جان چکے ہیں جب ان سب کی دم پر پاؤں آیا ہے تو یہ آپس میں گلے بھی مل رہے ہیں اور تحریک انصاف کے خلاف سازشوں میں بھی مصروف ہیں ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزراء کی کارکردگی کے مطابق اُن کی تبدیلی کا فیصلہ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کا استحقاق ہے کہ وہ اپنی ٹیم میںکونسے کھلاڑی کو کونسی پوزیشن پر رکھنا چاہتے ہیں ،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم وزراء کی کارکردگی کا جائزہ لینگے اور اُن کا فیصلہ سب کو قابل قبول ہو گا ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ 100دن میں ترجیحات کا تعین کر لیا گیا ہے اور آئندہ 5برسوں میں اسی شد و مد کے ساتھ ان پر عمل بھی کیا جائے گااور عوام کی توقعات کے مطابق اُس ایجنڈے کو کامیاب کریں گے جس کا ہم نے اپنی انتخابی مہم میں وعدہ کیا تھا ، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کو ملنے والے حالات انتہائی پریشان کن اور دگرگوں تھے جن کے مطابق بہتر سے بہتر حکمت عملی اختیار کرنے کی کوشش کی گئی ہے، موجودہ حالات میں ضرور مشکلات ہیں لیکن انشاء اللہ آنے والے وقت میں عوام کیلئے مثبت فیصلے ہوں گے اورمسائل کے حل کیلئے نیک نیتی کے ساتھ دن رات کام کریں گے ،عبدالعلیم خان نے کہا کہ قوم کو عمران خان سے بہت امیدیں وابستہ ہیں جنہیں انشاء اللہ ضرورپورا کیا جائے گا اور سازشیں کرنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات