فرانس میں ’ہمیں ٹرمپ چاہیے‘ کے نعرے لگ رہے ہیں، امریکی صدر کا مضحکہ خیز بیان

پیر 10 دسمبر 2018 22:13

فرانس میں ’ہمیں ٹرمپ چاہیے‘ کے نعرے لگ رہے ہیں، امریکی صدر کا مضحکہ ..
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 دسمبر2018ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ فرانس میں تیل کی قیمتوں میں اضافے پر جاری احتجاج میں مظاہرین ’ہمیں ٹرمپ چاہیے‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔ عالمی میڈیا کے مطابق فرانس میں تیل کی مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر مظاہرین وزیراعظم ایڈوارڈ فلپ کی یقین دہانیوں اور قیمتوں کو 90 دن کیلئے معطل کرنے کے اعلان پر راضی نہیں۔

فرانس میں جاری فسادات پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا جلتی پر تیل چھڑکنے والا بیان سامنے آیا ہے، امریکی صدر نے اپنی ایک ٹویٹ میں مضحکہ خیز دعویٰ کیا کہ فرانس میں مظاہرین ’ہمیں ٹرمپ چاہیئے‘ کے نعرے لگا رہے ہیں۔امریکی صدر نے کہا کہ پیرس میں حکومت اور مظاہرین کے درمیان طے پانے والا معاہدہ سود مند ثابت نہیں ہوا، ملک بھر میں مظاہرین زائد قیمتیں ادا کرنے کو تیار نہیں۔

(جاری ہے)

صدر ٹرمپ کو فرانس میں مظاہرین کی جانب سے اپنے حق میں نعرے لگانے سے متعلق غلط فہمی دائیں بازو کے متحرک کارکن کی ایک ٹوئٹ سے ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ مظاہرین جو 3 نعرے بلند کر رہے ہیں ان میں سے ایک ’ہمیں ٹرمپ چاہیے‘ بھی ہے۔درحقیقت ٹرمپ اور ان کے حامیوں کو یہ غلط فہمی لندن میں امریکی صدر کی آمد پر استقبال کیلئے جمع ہونے والے ایک اجتماع کی ویڈیو دوبارہ وائرل ہونے سے ہوئی۔ اس ویڈیو میں ایک شخص ٹرمپ کی شکل کا ماسک لگائے ہوئے ہے اور استقبال کے لیے موجود افراد کے ہمراہ ہمیں ٹرمپ چاہیے کے نعرے لگا رہا ہے۔