بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے حقوق پامال کررہی ہیں،شیریں مزاری

کشمیر سے متعلق قرار دادوں پر فوری عمل در آمد کیا جائے،اقوام متحدہ سے مطالبہ

پیر 10 دسمبر 2018 22:40

بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے حقوق پامال کررہی ہیں،شیریں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں معصوم کشمیریوں کے حقوق پامال کررہی ہیں۔ انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر جاری ایک پیغام میں وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے مظالم کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں اور وادی میں بھارتی افواج خواتین کے ساتھ ریپ کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہیں جب کہ پیلٹ گن کے استعمال سے بچے، بوڑھوں اور خواتین کو نشانہ بنایا گیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی فورسز کے ریپ کے متعدد کیسز ثبوتوں کے ساتھ رپورٹ ہو چکے ہیں، پوشپورہ اور کنان سمیت کئی دیہاتوں میں اجتماعی طور خواتین کے ساتھ زیادتی کی گئی، بدقسمتی سے گزشتہ حکومت میں ہم نے اقوام متحدہ کے کمیٹی کو کشمیر لانے کے لئے بہتر انتظامات نہیں کیے۔

(جاری ہے)

شیریں مزاری نے کہا کہ ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر سے متعلق قرار دادوں پر فوری عمل در آمد کیا جائے، اقوام متحدہ نے مشرقی تیمور کے لئے قراردادوں پر تو عمل کیا لیکن کشمیر سے متعلق ایسا نہیں ہوتا، ایک ایسے معاہدے کی ضرورت ہے جس کی بنیاد پر کشمیری عوام کو حق خودارادیت دیا جائے اور مسئلہ حل ہونے تک ہتھیار کا استعمال روکا جائے۔ ۔۔ شمیم محمود، نامہ نگار