دسمبر کے آخر تک تمام طلبہ کے داخلوں اور کتب کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا، ڈائریکٹر شعبہ داخلہ اوپن یونیورسٹی سیّد ضیاء الحسنین

پیر 10 دسمبر 2018 23:09

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹر خزاں 2018ء میں پیش کئے گئے میٹرک سے پی ایچ ڈی سطح تک کے مختلف پروگرامز میںداخلہ کے حصول کیلئے ملک بھر سے ساڑے 7 لاکھ طلباء و طالبات نے داخلہ فارم ارسال کئے تھے جن میں سے کچھ داخلہ فارمز شعبہ داخلہ میں جانچ پڑتال کے مراحل میں ہیں۔ ڈائریکٹر شعبہ داخلہ سیّد ضیاء الحسنین کے مطابق ایڈمشن کنفرمیشن اور کتابوں کی ترسیل کا عمل وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم کی ہدایت پر تیز کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

امید ہے کہ دسمبر کے آخر تک تمام طلباء و طالبات کے داخلوںاور کتب کی ترسیل کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ یاد رہے کہ یونیورسٹی نے طلباء کے ساتھ تیز تر رابطے کیلئے حال ہی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کررکھا ہے۔ میلنگ سیکشن سے کتابیں بھجوانے کے فوراً بعد طلباء کو فوری طور پر ایس ایم ایس کیا جاتا ہے کہ آپ کی کتابیں ارسال کردی گئی ہیں۔ یونیورسٹی نے داخلوں کی تصدیق اور کتب کی معلومات کے لئے اپنی ویب سائٹ پر ایڈمشن کنفرمیشن اور بک ڈسپیچ سٹیٹس کے نام سے ٹریکنگ نظام بھی متعارف کیا ہے۔