Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کئی گھنٹوں سے جاری

ہر ایک وزارت کو عملدرآمد کیلئے پانچ سالوں پر محیط مخصوص سٹرٹیجک پلان کی تیاری کا ہدف دیا جائے گا تاکہ کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جا سکے، اس طرح کا جائزہ اجلاس ہر تین ماہ بعد منعقد کیا جائے گا،اجلاس میں فیصلہ

پیر 10 دسمبر 2018 23:09

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس کئی گھنٹوں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کئی گھنٹوں سے جاری وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں ہر وزارت کی کارگردگی کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ وزیراعظم آفس کی طرف سے شام تقریباً 6 بجے جاری بیان کے مطابق مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے کابینہ کا خصوصی اجلاس گذشتہ ساڑھے 6 گھنٹوں سے جاری ہے۔

اجلاس میں ہر ایک وزارت میں خدمات کی فراہمی، کفایت شعاری کی پالیسی کو اپنانے کے ضمن میں اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کے منصوبوں بالخصوص ہر ایک وزارت کی کارگردگی میں مزید بہتری لانے پر گفت و شنید کی جا رہی ہے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ہر ایک وزارت کو عملدرآمد کیلئے پانچ سالوں پر محیط مخصوص سٹرٹیجک پلان کی تیاری کا ہدف دیا جائے گا تاکہ کارکردگی کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس طرح کا جائزہ اجلاس ہر تین ماہ بعد منعقد کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تاکہ وزارتوں کی کارگردگی کو جانچا جا سکے اور اس بات کو یقنی بنایا جائے کہ حکومت کی مجموعی کارکردگی درست سمت میں گامزن رہے۔ ان اقدامات کا بنیادی مقصد پاکستانی شہریوں کے معیار زندگی کو بلند کرنا ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد کی طرف سے جاری ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ سو دن کی کارکردگی کے حوالہ سے وزراء کی بریفنگ پیر کی صبح ساڑھے 11 بجے شروع ہوئی اور ابھی جاری ہے۔

ٹویٹ میں کہا گیا کہ وزیراعظم جس محنت اور صبر و تحمل سے وزراء کی کارکردگی جانچ رہے ہیں یہ انہی کا خاصہ ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سو دن میں وزارتوں میں جو کام ہوئے ہیں پچھلے دس سالوں میں بھی اس کا تصور نہیں ہو سکتا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات