Live Updates

پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کی جنرل کونسل کا اہم اجلاس

15 دسمبر کو آصف زرداری حیدرآباد کے جیالوں کا لہو گرمانے آ رہے ہیں،ہم اپنی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، نثار احمد کھوڑو نااہل حکومت اپنے کرپٹ وزراء ، بہن علیمہ خان کی کرپشن کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے لیئے تیار نہیں ، اپوزیشن کو ہراساں کرنے کے لیئے جھوٹے مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں،مولابخش چانڈیو

پیر 10 دسمبر 2018 23:19

پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کی جنرل کونسل کا اہم اجلاس
حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کی جنرل کونسل کا ایک اہم اجلاس ضلعی صدر صغیر احمد قریشی کی رہائش گاہ واقع ڈیفنس حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پیپلز پارٹی سندھ کی صدر نثار احمد کھوڑو نے کی، اجلاس میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات مولا بخش چانڈیو، صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ناصر حسین شاہ، پارٹی کے ڈویژنل صدر سید علی نواز شاہ، جنرل سیکرٹری دوست علی جیسر، ایم این اے سید طارق علی شاہ جاموٹ، ضلعی جنرل سیکرٹری علی محمد سھتو، ڈویژنل سیکرٹری اطلاعات آفتاب احمد خانزادہ، ضلعی اطلاعات سیکریٹری احسان ابڑو، تیمور مہر سمیت ضلع کے تمام پی ایسز، یونین کونسلز کے عہدیداران و یونین کمیٹیز کے چیئرمین و وائس چیئرمین نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ 15 دسمبر کو پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری حیدرآباد کے جیالوں کا لہو گرمانے تشریف لا رہے ہیں، حیدرآباد کے جیالوں نے پچھلے سال 18 اکتوبر کے تاریخی جلسے عام میں لاکھوں کی تعداد میں شرکت کر کے پارٹی قیادت سے اپنی غیر متزلزل اور والہانہ وابستگی کا اظہار کیا تھا، مجھے یقین ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا بھی فقید المثال استقبال کرکے ان کے دشمنوں اور پارٹی مخالفین کو واضح اور دوٹوک پیغام دیں گے کہ ہم اپنی قیادت کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

نثار احمد کھوڑو نے نیب کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو طلبی کا نوٹس بھیجنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی کے جیالے کرپٹ چیئرمین نیب اور ان کے ڈاکوؤں کے ٹولے کی جانب سے چیئرمین پیپلزپارٹی کی طلبی کے نوٹس کو ان کے خلاف انتقامی کارروائی تصور کرتی ہے اور جسٹس جاوید اقبال کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اوچھی حرکتوں اور انتقامی کاروائیوں سے باز آ جائیں، انتقامی کاروائیاں پیپلزپارٹی کو عمران نیازی کی کرپٹ نااہل حکومت کیخلاف قبل از وقت احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور کر رہی ہیں۔

عمران نیازی پاکستان کے معتبر و مقتدر اداروں کو پی ٹی آئی کے منشور کے ساتھ جوڑ کر نہ صرف ان کو متنازعہ بنا رہے ہیں بلکہ ان کی توہین بھی کر رہے ہیں۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری پیپلزپارٹی اور کارکنوں کی شان ہیں، ان کے دور اقتدار میں پاکستان کی تاریخ کی سب سے زیادہ قانون سازی ہوئی، آئین کو اصل شکل میں بحال کیا گیا، خیبرپختونخواہ کو پہچان ملی اور صوبوں کو صوبائی خودمختاری دی گئی، ایسے شخص کیخلاف عمران نیازی کی نااہل حکومت انتقامی کاروائیاں کر رہی ہے جس نے جھوٹے اور بے بنیاد الزامات کے تحت گیارہ سال جیل کاٹی۔

اب پھر وہی قوتیں ایکبار پھر صدر آصف علی زرداری کو پاکستان کی سیاست سے باہر کرنے کیلئے سرگرم ہیں لیکن پیپلزپارٹی کے جیالے ان جمہوریت دشمنوں، ملک دشمن قوتوں کی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، تحریک انصاف کی نااہل حکومت اپنے کرپٹ وزراء عمران نیازی کی بہن علیمہ خان کی کرپشن کے خلاف کوئی کارروائی کرنے کے لیئے تیار نہیں ہے جبکہ اپوزیشن کی قیادت کو ہراساں کرنے کے لیئے ان کے خلاف جھوٹے مقدمات قائم کیے جا رہے ہیں۔

صوبائی وزیر ورکس اینڈ سروسز سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ آصف علی زرداری پہلی بار حیدرآباد میں کارکنان سے ملنے آ رھے ھیں اس لیئے ان کا ایسا فقید المثال استقبال ہونا چاہیے کہ مخالفین کے پسینے چھوٹ جائیں۔ پیپلزپارٹی تجاوزات کی آڑ میں کسی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دے گی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی سپریم کورٹ کے احکامات کو جواز بنا کر کراچی کی عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کر رہی ہیں، پیپلزپارٹی سپریم کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کر رہی ہے تاکہ تجاوزات کی آڑ میں معصوم و بیگناہ کراچی کی عوام کی ساتھ مزید ظلم نہ ہو سکے، ہم متاثرہ افراد کو بہت جلد متبادل فراہم کر دیں گے تاکہ ان کے نقصانات کا ازالہ ہو سکے۔

سید علی نواز شاہ رضوی نے کہا کہ حیدرآباد پیپلزپارٹی نے پارٹی کی ہر کال پر لبیک کہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ صدر آصف علی زرداری کا بھی تاریخی استقبال کریں گے۔ اجلاس سے ایم این اے سید طارق شاہ جاموٹ، صغیر احمد قریشی نے بھی خطاب کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات