سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت عباسیہ ویلفیئر فائونڈیش کا سالانہ کنونشن و تقریب حلف برداری کا انعقاد

پیر 10 دسمبر 2018 23:22

سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت عباسیہ ویلفیئر فائونڈیش ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) عباسیہ ویلفیئر فائونڈیش پاکستان کے زیر اہتمام سالانہ کنونشن و تقریب حلف برداری زیر صدارت سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی منعقد ہوئی جس میں بر گیڈیئر خالد مسعود عباسی، عباسیہ ویلفیئر فائونڈیشن کے صدر جان محمد عباسی، جنرل سیکرٹری ندیم اخلاص عباسی، چیف آرگنائزر محمد لطیف عباسی، ڈپٹی آرگنائزر امان اللہ عباسی، یوتھ پریذیڈنٹ حماد عاشق عباسی، پریس سیکرٹری عمران عباسی، کوآرڈینیٹر سفیر اختر عباسی، اوورسیز پریذیڈنٹ بابر عباسی اور خواتین ونگ کی پریذیڈنٹ حلیمہ سعدیہ عباسی سمیت دیگر شخصیات نیشنل پریس کلب کے نائب صدر عابد عباسی، سینئر اینکر محسن اعجاز عباسی، ہل نیوز کے ایڈیٹر اے ڈی عباسی، اکسار عباسی، ملک سلام عباسی، ملک سلیم عباسی، مسلم لیگی رہنما ساجد عباسی اور دیگر اہم مذہبی، سیاسی، سماجی شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف آرگنائزر محمد لطیف عباسی نے فائونڈیشن کی کارکردگی اور خدمات سے شرکاء کو آگاہ کیا جبکہ مقررین نے تنظیم کے زیر اہتمام تعلیمی، رفاعی، فلاحی، تربیتی اور ہنرمند اقدامات کے ذریعے بلاتفریق خدمت خلق کے کاموں کو وسیع کرنے اور باہم اتفاق و اتحاد کے فروغ پر زور دیا۔ سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک و ملت کی بہتری اور ترقی کیلئے دیگر اقوام کی طرح ہماری قوم کا بھی ناقابل فراموش کردار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری قوم کا بچہ بچہ مملکت خداداد کی تعمیر و ترقی، نظریاتی اور جغرافیائی سرحدات کی حفاظت کیلئے کمر بستہ ہے اور آج ہم اس عہد کیلئے جمع ہیں کہ خدمت کا ہمارا یہ سفر جاری رہے گا اور ہم اس سلسلے کو اپنی نسلوں کے ذریعے ان کی تربیت کرکے جاری رکھیں گے۔ تقریب کا اختتام تحائف کے تبادلوں ملک و ملت کے استحکام کیلئے خصوصی دعا کے ساتھ ہوا۔