صوبائی وزیربلدیات شہرام خان ترکئی کا ریگی ماڈل ٹائون پشاورکادورہ

پیر 10 دسمبر 2018 23:33

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) صوبائی وزیر بلدیات،الیکشنزودیہی ترقی شہرام خان ترکئی نے ریگی ماڈل ٹاؤن پشاور کا دورہ کیا اور وہاں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا۔اس دوران انہیں صوبے کے بڑے رہائشی ٹاؤن شپ میں سٹیٹ آف دی آرٹ طرز پر تعمیر کیے گئے نئے ماڈل پولیس اسٹیشن ریگی ٹاؤن ،سنٹرل پارک اور دیگراہم امور پر بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی اے اسرارالحق اور دیگر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔صوبائی وزیر کوبریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ریگی ماڈل ٹاؤن کے سنٹرل پارک کے لئے 200 کنال اراضی مختص ہے جس میں سے 100 کنال اراضی کو پارک میں بدل دیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ پر کام جاری ہے۔سنٹرل پارک میں بیٹھنے کیلئے بینچ، پھول، پودے اور سبزہ لگانے کے علاوہ چہل قدمی اور جاکنگ کیلئے ٹریک بھی تیار کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح ماڈل پولیس اسٹیشن میں بھی تمام سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ پشاور شہر اور رہائشی کالونیوں کی ہمہ گیر ترقی کیلئے جامع پلان تیارکیا جارہاہے جس سے یہاں کے رہائشیوں کے مسائل کم ہوں گے اور انہیں سہولیات سے مستفید ہونے کے مواقع میسر آئیں گے۔ دورے کے دوران ریگی ماڈل ٹاؤن کے رہائشیوں نے بھی وزیر بلدیات کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا ۔

جس پر انہوں نے پی ڈی اے حکام کو ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کی۔ شہرام خان ترکئی نے حکام کو ٹاؤن میں گیس، نکاسی آب اور سیکورٹی سے متعلق مسائل بھی جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔اس موقع پر معززین علاقہ نے ریگی ماڈل ٹاؤن کا دورہ کرنے ، مسائل سننے پر شہرام خان ترکئی کا بھی شکریہ ادا کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :