چیف سلیکٹر کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے

سرفراز احمد کی اب تک کی پرفارمنس بہت اچھی ہے اور ان کے علاوہ ابھی کپتانی کیلئے کوئی اور آپشن موجود نہیں تاہم انہیں اگلی سیریز میں ذمہ داری نبھانا ہوگی، انضمام الحق

پیر 10 دسمبر 2018 23:37

چیف سلیکٹر کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 دسمبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے ،کہتے ہیں کہ سرفراز احمد کی اب تک کی پرفارمنس بہت اچھی ہے اور ان کے علاوہ ابھی کپتانی کیلئے کوئی اور آپشن موجود نہیں ہے۔ ایک انٹر ویو کے دوران انضمام الحق نے کہا کہ نیوز ی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اوپنرز توقعات کے مطابق پرفارمنس نہیں دے سکے تھے لیکن اب اگلی سیریز میں کھلاڑیوں کو ذمہ داری نبھانا ہوگی، انہوں نے کہا کہ ٹیم چوتھی اننگز میں دبآ برداشت نہیں کر پارہی ہے۔

انضمام الحق کا مزید کہنا تھا کہ ہم جانتے ہیں کہ مصباح الحق اور یونس خان کے متبادل ملنا آسان نہیں ہے لیکن سینئر ترین بلے باز ہونے کے ناطے اب اظہر علی اور اسد شفیق کو اپنے کھیل کا معیار بڑھانا ہوگا۔

(جاری ہے)

سابق ٹیسٹ کپتان کا مزید کہنا تھا کہ احسان مانی اور نجم سیٹھی کے کام کا طریقہ الگ الگ ہے، احسان مانی آئی سی سی کے صدر بھی رہ چکے ہیں اور کرکٹ کو سمجھتے ہیں، نجم سیٹھی نے کبھی ٹیم سلیکشن میں کسی قسم کی مداخلت نہیں کی اور احسان مانی بھی اس معاملے میں نیوٹرل ہیں۔قومی ٹیم کے سلیکشن کے بارے میں سوال پر انضمام الحق کا کہنا تھا کہ سلیکشن کمیٹی کپتان کی مشاورت کے بغیر ٹیم کے بارے میںاکیلے کوئی فیصلہ نہیں لیتی اور اس معاملے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر سمیت سب ایک پیج پر ہی ہیں۔