Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزراء سے بنیادی طور پر تین سوالات کیے گئے ، تمام وزراء سے کیے جانے والے سوالات کافی مخصوص تھے، تمام وزراء کو اپنی اپنی وزارت میں اخراجات کی کمی، کارکردگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی بارے ریکارڈ جمع کرانے کا بھی کہا گیا، وزراء سے کارکردگی رپورٹ مانگی گئی تھی، نو گھنٹے جاری رہنے والی نشست میں وزیراعظم عمران خان نے تقریباً 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا، مجھے وزیراعظم عمران خان کا اعتماد حاصل ہے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

منگل 11 دسمبر 2018 00:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ گزشتہ روز وفاقی کابینہ کے خصوصی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزراء کو بنیادی طور پر تین سوالات کیے گئے نمبر ایک اپنی وزارت میں اخراجات کتنے کم کیے، نمبر دو اب تک کی کارکردگی کیا ہے اور نمبر تین مستقبل کا لائحہ عمل کیا ہو گا، تمام وزراء سے کیے جانے والے سوالات کافی مخصوص تھے، تمام وزراء کو اپنی اپنی وزارت میں اخراجات کی کمی، اب تک کی کارکردگی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کیا ہے کے بارے میں ریکارڈ جمع کرانے کا بھی کہا گیا، وزراء سے کارکردگی رپورٹ مانگی گئی تھی، نو گھنٹے جاری رہنے والی نشست میں وزیراعظم عمران خان نے تقریباً 26 وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس کے دوران اس تمام بریفنگ طریقہ کار یہ تھا کہ پہلے دس منٹ تک وزارتوں کے سیکرٹری اپنی اپنی وزارت سے متعلق بریفنگ دیتے تھے اور اس کے بعد پھر وزیراعظم اور وزراء کے مابین سوال و جواب کا سلسلہ ہوتا تھا لیکن اچھی بات یہ ہے کہ گزشتہ روز کے اجلاس میں تھوڑا بہت کھانا بھی ملا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے وزیر مملکت برائے مواصلات مراد سعید کی کارکردگی کو سب سے زیادہ سراہا اور انہیں مکمل وفاقی وزیر بنانے کا عندیہ بھی دیا اس لیے میرے خیال میں وزیراعظم عمران خان نے کارکردگی کے حوالے سے سب سے زیادہ تعریف مراد سعید کی کی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میری وزارت سے کبھی کوئی خوش نہیں ہو سکتا، اس کی وجہ یہ ہے کہ میڈیا کو ہینڈل کرنے میں جو چیزیں صحیح ہو جاتی ہیں اس کا تو کسی کو پتہ نہیں چلتا اور جو صحیح نہیں ہوتیں اس کا فوراً سب کو پتہ چل جاتا ہے لہٰذا یہ ایسی ہی وزارت ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم عمران خان کا اعتماد حاصل ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مجھے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دیگر وزراتوں کو بھی ساتھ لیکر چلنا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ سب سے زیادہ مسئلہ غلط اور بے بنیاد خبروں کا آ رہا ہے جس سے معاشی عدم استحکام اور بحران پیدا ہو جاتا ہے اس لیے غلط اور بے بنیاد خبروں کو روکنے کے حوالے سے کوشش کی جا رہی ہیں، اسی طرح وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر جب بالی میں تھے اور آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کے درمیان میں ایک نجی ٹی وی چینل نے خلط خبر چلا دی کہ انہیں ہٹا دیا گیا ہے، اس طرح کی غلط خبروں سے ایک بحران سا پیدا ہو جاتا ہے، ایک معاشی عدم استحکام پیدا ہو جاتا ہے اس لیے غلط اور بے بنیاد خبروں کو روکنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوئی بھی خبر چاہے وہ نجی ٹی وی چینل سے آئے یا پھر حکومت کی طرف سے کوشش یہی ہونی چاہیئے کہ وہ بالکل مستند ہو اور حکومتی وزراء کے اعدادوشمار بالکل درست ہونے چاہیئں کیونکہ وہ ہر جگہ کوڈ ہوتے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے بڑی تفصیل کے ساتھ اپنی وزارت سے متعلق بریفنگ دی اور بتایا کہ وہ کس طرح ملکی معیشت کو درست سمت پر لیکر جا رہے ہیں، نیشنل بنک سمیت تمام اداروں میں ہونے والی بھرتیوں کے متعلق بھی انہوں نے بتایا کہ ہم ہر جگہ میرٹ کو یقینی بنا رہے ہیں تاکہ اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنایا جا سکے، گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے بھی انہوں نے بتایا کہ قیمتوں میں اضافے کے دوران ہم نے کم آمدن والے طبقے پر خصوصی توجہ دی تاکہ ان پر کسی قسم کا کوئی اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے جسے وزیراعظم عمران خان نے بہت زیادہ سراہا، وزیر خزانہ نے ملکی ایکسپورٹ میں اضافے اور امپورٹ میں کمی کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ آئینی طور پر وزیراعظم کی صوابدید ہے وہ جسے چاہے وزیر رکھیں اور جسے چاہے نہ رکھیں لیکن ابھی وزیراعظم عمران خان نے یہی عندیہ دیا ہے کہ وزراء کو اگلے تین ماہ کے لیے زیادہ مخصوص کام دے رہا ہوں جس کا ان سے جواب لوں گا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات