Live Updates

چیثرمین نیب اپنی ذمہ داریاں بہترین طریقے سے نبھا رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مشاورت کے ساتھ جسٹس (ر) جاوید اقبال کو چیرمین نیب تعینات کیا گیا، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف کیسز گزشتہ حکومت کے دور میں درج ہوئے

وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

منگل 11 دسمبر 2018 01:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے کہاہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال اپنی ذمہ داریاں بہترین طریقے سے نبھا رہے ہیں، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے گزشتہ دور حکومت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ساتھ مشاورت کے ساتھ جسٹس (ر) جاوید اقبال کو بطور چیرمین نیب تعینات کیا گیا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کے خلاف کیسز گزشتہ حکومت کے دور میں درج ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت 19 بلین کاخسارہ چھوڑ کر گئی، اگر مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی اچھی ہوتی توعوام مسلم لیگ (ن) کو اس طرح مسترد نہ کرتے جس طرح انہیں 2018ء کے انتخابات میں کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ پانچ سال مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی اور اس سے قبل پانچ سال پیپلزپارٹی نے حکومت کی ، ان دونوں جماعتوں سے پوچھا جائے کہ ان کی حکومتوں نے لاپتہ افراد کیلئے کیا کیا ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کوسعودی عرب کے دورے کے موقع پر غیر معمولی پذیرائی ملی اور امریکہ کے ڈو مور کے مطالبے پر وزیر اعظم عمران خان نے انہیں صاف صاف جواب دیا کہ اب ہم کسی کی بندوق کا کردار ادا نہیں کرسکتے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم ملک بھر میں یکسں نصاب تعلیم لانے کے لیے کوشاں ہیں اور اس سلسے مین ایک کمیٹی بھی قائم کر دی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات