آئیسکوکی بجلی چوری کے خلاف کارروائی، 1172 بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑلیا

منگل 11 دسمبر 2018 07:20

اسلام آباد ۔09 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(آئیسکو) کی ٹیموں نے بجلی چوری کے خلاف کارروائیوں کے دوران 1172 بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوںپکڑ لیا، بجلی چوروں کو 3کروڑ 9لاکھ20ہزار روپے مالیت کی 21لاکھ 72ہزار یونٹ بجلی چارج کی گئی ہے۔ اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں قائم خصوصی ٹاسک فورس کی ٹیموں نے 36 ایام کے دوران آئیسکو سرکل بھر میں بجلی چوری کے خلاف کارروائیاں کیں اس دوران 1172 بجلی چور پکڑے گئے۔

آئیسکو کے ترجمان کی طرف سے ’’اے پی پی‘‘ کو فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے 117 بجلی چور، اٹک سے 58، راولپنڈی سے 872، جہلم سے 49 اور چکوال سرکل سے 76بجلی چور پکڑے گئے ہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ بجلی چوروں سے چوری شدہ 3کروڑ 9لاکھ20ہزار روپے مالیت کی 21لاکھ 72ہزار یونٹ بجلی چارج کرنے کے علاوہ بجلی چوری ایکٹ کے تحت ایف آئی آر بھی درج کرائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ 95 میٹر ٹمپر شدہ، 661 میٹر سست کئے گئے تھے جبکہ 87 رخنے بھی پکڑے گئے۔ 129 بجلی چور غیر قانونی کنکشنز کے ذریعے بھی بجلی چوری کرتے پائے گئے۔ خصوصی ٹاسک فورس کی ٹیموں نے 1132 صنعتوں، کمرشل بی۔3 اور بی۔4 میٹرز کی چیکنگ کی اور 32 کمرشل میٹرز میں تضاد پایا گیا۔ 32 بجلی چوروں میں اسلام آباد سے 7 ، راولپنڈی سے 12، اٹک اور جہلم سے پانچ پانچ اور چکوال سے 3 بجلی چور شامل ہیں ۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر بجلی چوری کی لعنت کے خلاف 13 اکتوبر سے جاری ہے اور تمام ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کو زائد بلوں اور بد عنوانی کے خلاف کوئی رعایت نہ برتنے کا عزم کے ساتھ ٹاسک دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :