انسانی نسل کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے خطرہ

ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات سے بچاﺅ کے لئے ملک میں کوئی ادارہ موجود نہیں

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 11 دسمبر 2018 09:38

انسانی نسل کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے خطرہ
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 11 دسمبر۔2018ء) اس حقیقت سے انکار ممکن نہیں کہ انسانی نسل کو اس وقت سب سے بڑا خطرہ ماحولیاتی تبدیلی سے ہے. ماضی میں انسان کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے نتیجے میں مشکلات کا سامنا تو تھا مگر اتنا نہیں‘علم و آگہی کے باعث آج کا انسان بہت باشعور اور خوش قسمت ہے، اسے اپنے گردوپیش تبدیلیوں اور نقصان پہنچانے والے عوامل کا بخوبی اندازہ ہے اور وہ ان پر قابو پانے کی تگ و دو کر سکتا ہے.

اس تناظر میں اقوام متحدہ کے تحت پولینڈ کے شہر کینووائس میں منعقدہ کانفرنس سے عالمی ماہرین اور سائنسدانوں کا خطاب خصوصی توجہ کا حامل ہے.

(جاری ہے)

قدرتی عوامل کے اتار چڑھاﺅ کا باریک بینی سے مشاہدہ کرنے والے نامور اور معروف ماہر (Naturalist) سرڈیوڈاٹین برو کا کہنا تھا کہ فی الوقت ہم عالمی سطح پر انسان کے اپنے ہی پیدا کردہ تباہ کن حالات کا سامنا کررہے ہیں.

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہم نے اقدامات نہیں کئے تو تہذیبیں تباہ ہو جائیں گی. افتتاحی خطاب میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس کا کہنا تھا کہ اکثر ملکوں کے لئے ماحولیاتی تبدیلی زندگی اور موت کا مسئلہ بن چکی ہے‘ دیکھا جائے تو دنیا اس مقام سے بہت دور ہے جہاں اسے اصل میں ہونا چاہئے. اس دوران دنیا بھر میں ماحولیاتی تبدیلی اور بگاڑ کو روکنے کیلئے ورلڈ بینک نے آئندہ پانچ سال کیلئے 200ارب ڈالر کے فنڈز کا اعلان کیا ہے.

وطن عزیز کو بھی ماحولیاتی تبدیلی کے باعث شدید خطرات کا سامنا ہے‘ ملک کے اکثر علاقوں کے موسم میں تبدیلی آئی ہے. غیر موسمی بارشوں اور گلیشیرکے پگھلنے سے سیلاب آتے ہیں جس سے فصلوں اور انسانی و حیوانی زندگی کو نقصان پہنچتا ہے جبکہ ماحولیاتی تبدیلی کے نقصانات سے بچاﺅ کے لئے ملک میں کوئی ادارہ موجود نہیں. ضروری ہے کہ اس باب میں موثر منصوبہ بندی کی جائے اور ماہرین پر مشتمل ایک ادارہ قائم کیا جائے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کا جائزہ لیتا رہے اور ان کے نقصانات کم سے کم سطح پر رکھنے میں معاونت کرے.