ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ یورپ کی سلامتی کے لیے اہم ہے، وزرائے خارجہ

منگل 11 دسمبر 2018 11:00

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) یورپی وزرائے خارجہ نے ایک بار پھر ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے کو یورپ کی سلامتی کے لیے انتہائی اہم اور ضروری قرار دیا ہے۔ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر خارجہ ہیکو ماس نے برسلز میں پورپی وزرائے خارجہ کے اجلاس کے موقع پر کہا ہے کہ ایران کے ساتھ طے پانے والا جوہری معاہدہ یورپ کی سیکورٹی کے لیے اہمیت کا حامل ہے۔

(جاری ہے)

بیلجیئم کے وزیر خارجہ ڈیڈیئر رینڈرز نے بھی اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی ممالک جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے آگے کی جانب قدم بڑھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔یورپی یونین کے اٹھائیس رکن ملکوں کا اجلاس برسلز میں جاری ہے جس میں ایران کے ساتھ مالیاتی لین دین کے خصوصی یورپی نظام کے بارے میں تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔امریکی حکام کے دباؤ کے باوجود جرمنی اور فرانس نے ایران کے ساتھ یورپی یونین کے خصوصی مالیاتی نظام ایس پی وی کی میزبانی پر اتفاق کر لیا ہے۔یورپی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس پی وی نظام پر جلد ہی علمدرآمد شروع کردیا جائے جس کے فوراً بعد نو دیگر یورپی ممالک بھی اس نظام میں شامل ہوجائیں گے۔