چئیرمین نیب نے افسران کے موبائل فونز استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی

دفتری اوقات میں ذاتی مہمان نوازی پر بھی پابندی عائد کر دی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 11:24

چئیرمین نیب نے افسران کے موبائل فونز استعمال کرنے پر پابندی عائد کر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : چیئرمین قومی احتساب بیورو جسٹس (ر) جاوید اقبال نے افسران کے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق نیب افسران کے میڈیا نمائندوں سے بات چیت پر پابندی کے بعد اب کوئی افسردفترمیں موبائل فون بھی استعمال نہیں کرسکے گا۔ اس حوالے سے نیب چئیرمین کی جانب سے حکم نامہ جاری کردیا گیا ہے۔

نیب آفسز میں افسران کی حاضری یقینی بنانے کے لیے بائیو میٹرک نظام لانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دفتری اوقات میں ذاتی مہمانوں کی آمد پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے تحت کوئی بھی نیب افسر دفتری اوقات میں ذاتی مہمانوں کی آؤ بھگت نہیں کر سکے گا۔ چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب افسران کی دفتری اوقات میں ملاقاتیں صرف سرکاری امور کے سلسلے میں ہوں گی، گریڈ 18 تک کے تمام افسران اورعملے کے لیے یونیفارم بھی لازمی قرار دے دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ اس سے قبل نیب افسران پر سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں کا انکشاف ہونے پر چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے افسران کی سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی تھی۔ نیب افسراں کی کرپشن کیسز کی آڑ میں سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں کا انکشاف ہونے پر چیئرمین نیب نے نوٹس لے کر نیب افسران کی سیاستدانوں سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی ۔

اس ضمن میں تمام ڈائریکٹر جنرلز کو مراسلہ بھی ارسال کیا گیا ۔ نیب کی جانب سے جاری مراسلے کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی اجازت کے بغیر افسران کی سیاسی شخصیات سے ملاقاتیں کوڈ آف کنڈکٹ اور نیب رولز 2002ء کی خلاف ورزی ہیں۔نیب کی کارکردگی میں بہتری لانے کے لیے چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کو کافی سراہا جا رہا ہے۔