ریاض: سیل کی آڑ میں عوام کو لوٹنے والوں کی شامت آ گئی

ایک جیولری شاپ پر چھاپہ مار کر اُسے سِیل کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 دسمبر 2018 11:39

ریاض: سیل کی آڑ میں عوام کو لوٹنے والوں کی شامت آ گئی
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 دسمبر2018ء) وزارت تجارت و سرمایہ کاری نے جعلی سیل کی آڑ میں عوام کو چُونا لگانے والی جیولر شاپ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے بند کر دیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت تجارت کے ترجمان نے بتایا کہ ریاض شہر میں ایک جیولری شاپ نے رعایتی نرخوں پر جیولری کی فروخت کا اعلان کیا ، حالانکہ اس دعوے میں کوئی سچائی نہ تھی۔

جیولری شاپ نے لوگوں کو دھوکا دینے کی غرض سے عام نرخوں کو بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کے بعد ان پر رعایتی نرخ درج کیے تھے۔ جو قانونِ تجارت کی خلاف ورزی تھی۔ جس کی بناء پر وزارت کی انسپکشن ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے دُکان کو بند کر دیا۔ قانونِ تجارت کے مطابق کسی دُکان یا تجارتی مرکز میں نرخوں میں رعایت کے اعلان سے قبل وزارت سے اس کی باقاعدہ اجازت لینا لازمی ہے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کے لیے پہلے وزارت کے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ میں اصل نرخ ظاہر کرنے کے بعد سیل کے دوران کے رعایتی نرخوں کا اندراج کرانا پڑتا ہے۔ یہ مخصوص شعبہ سابقہ اور رعایتی نرخوں کا جائزہ لینے کے بعد اس کی منظوری دیتا ہے ۔ اس کے بعد ہی کوئی دُکان یا تجارتی مرکز سیل کا اعلان کر سکتا ہے۔ اگر کوئی متعلقہ شعبے سے اجازت نہیں لیتا تو اس کا مطلب یہی لیا جاتا ہے کہ عوام کو سیل کی آڑ میں لُوٹنے کا پروگرام بنایا جا رہا ہے، جسے تجارتی جعلسازی خیال کیا جاتا ہے۔

جیولری شاپ کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے اُسے استغاثہ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں تفتیشی مرحلہ مکمل ہونے کے بعد ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا جائے گا۔ وزارت کی جانب سے مملکت بھر میں جعلی سیل کی آڑ میں عوام کو لُوٹنے والوں کے خلاف چھاپہ مار مہم کا سلسلہ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :