Live Updates

شیخ صاحب! آپ سب کچھ میڈیا کے سامنے کہہ دہتے ہیں

وزیراعظم عمران خان کا وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے گلہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 12:22

شیخ صاحب! آپ سب کچھ میڈیا کے سامنے کہہ دہتے ہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کے لندن دورے سے متعلق ریمارکس دئے تو وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید سے گلہ کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق شیخ رشید کے فواد چودھری سے متعلق حالیہ بیان پر وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید سے گلہ کرتے ہوئے کہا کہ شیخ صاحب! آپ سب کچھ میڈیا کے سامنے ہی کہہ دیتے ہیں۔

شیخ رشید نے گذشتہ روز ہونے والے کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو اپنی وزارت سے متعلق بریفنگ دی جس دوران انہوں نے 20 نئی ٹرینیں چلانے اور 2 ارب روپے اضافی کمانے کا دعویٰ کیا۔ یہی نہیں شیخ رشید نے ایک سال کا کام تین ماہ میں کرنے کا کریڈٹ بھی لیا۔ اچھی کارکردگی پر وفاقی وزرا نے ڈیسک بجا کر وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کو داد دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم عمران خان نے شیخ رشید سے پوچھا کہ کوئی ریلوے افسر آپ کو ناکام کرنے کی سازش تو نہیں کر رہا جس پر شیخ رشید نے جواب دیا کہ ابھی تک تو سب ٹھیک چل رہا ہے ، مستقبل میں کوئی بات ہوئی تو ضرور آپ کے علم میں لاؤں گا۔

یاد رہے کہ شیخ رشید کے فواد چودھری سے متعلق کچھ روز قبل دئے گئے بیان پر کافی چہ مگوئیاں ہو رہی تھیں۔ وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید نے کہا تھا کہ وزیراعظم نے مجھے وزارت اطلاعات کی آفر کی ہے، میری کل وزیراعظم عمران خان سے 4 ملاقاتیں ہوئی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وزارت اطلاعات میں آجائیں لیکن مجھ میں اتنی ہمت نہیں ہے کہ دن رات کام کر سکوں۔ شیخ رشید نے کہا کہ فواد چودھری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ لندن میں 8 دن سے پکنک پر ہیں۔ میں نے ”ان “ سے کہا کہ لندن سے واپس آجائیں۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وزیراعظم نے اگر مجھے وزارت کی تبدیلی کا کہا تومیراردعمل ”لویو، تھینک یو ویری مچ“ ہوگا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات