خواجہ سعد رفیق کے دست راست ندیم ضیا اربوں روپے میں ملوث

ندیم ضیا سے متعلق چشم کُشا انکشافات سامنے آگئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 12:51

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : سابق وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے دست راست اور پیراگون سوسائٹی کے ڈائریکٹر ندیم ضیا کے اربوں روپے کے اثاثوں کے چشم کُشا انکشافات سامنے آگئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ندیم ضیا اربوں روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں لیکن اثاثوں کی قیمت انتہائی کم ظاہر کی گئی ہے۔ انکم ٹیکس گوشواروں کے مطابق ندیم ضیا نے 46 کروڑ 40 لاکھ 62 ہزار 848 روپے کے اثاثے انکم ٹیکس گوشواروں میں ظاہر کیے۔

ندیم ضیا کے 14 بے نامی اثاثہ جات اور 6 اثاثہ جات مختلف ناموں پر ظاہر کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ ندیم ضیا نے انکم ٹیکس گوشواروں میں 37 کروڑ 88 لاکھ، ایک ہزار885 روپے بطور قرض ظاہر کیے جبکہ انہیں ایک سال کے دوران 7 کروڑ 75 لاکھ روپے کے تحائف ملے۔

(جاری ہے)

ندیم ضیا ایک پراڈو اور ایک قیمتی جاپانی گاڑی کے مالک ہیں۔ ندیم ضیا نے انکم ٹیکس گوشواروں میں پراڈو گاڑی کی قیمت 10 لاکھ جبکہ جاپانی گاڑی کی قیمت 13 لاکھ روپے ظاہر کی۔

ندیم ضیا پیراگون ایکسچینج لمیٹڈ ، بسمہ اللہ انجینئیرنگ، بی این پی ڈویلپرز، پیراگون کنڈومیننس اور پیراگون ہولڈنگ کے مالک ہیں۔ قیصر امین بٹ، اسرار سعید اور عارف مجید بٹ ندیم ضیا کے خلاف اعترافی بیان دے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ پیراگون ہاوسنگ اسکینڈل میں وعدہ معاف گواہ بننے والے قیصر امین بٹ نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ سعد رفیق 1997ء میں کاروباری پارٹنر بنے۔

خواجہ سعد رفیق نے ہی مجھے ندیم ضیا بٹ سے ملوایا اور کہا کہ کام کا لڑکا ہے اسے رکھ لو اور کاروبار میں شامل کر لو،خواجہ سعد رفیق نے 2005ء میں سیاسی اثرورسوخ دکھا کر پیراگون سٹی کو عزیز بھٹی ٹاؤن سے منظور کروایا۔2006ء میں خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وہ تمام معاملات خود دیکھیں گے۔قیصر امین بٹ نے بتایا کہ ندیم ضیا کے حصص 92 فیصد کر دئے گئے اور ندیم ضیا کو بھی سوسائٹی کا مالک بنا دیا۔

قیصر امین بٹ کے مطابق خواجہ سعد رفیق کی اہلیہ غزالہ سعد اور ندیم ضیا کی اہلیہ شمع ندیم بھی حصہ دار رہیں۔ قیصر امین بٹ نے بتایا کہ خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق پیراگون سٹی کے مالک ہیں اور ندیم ضیا سوسائٹی کے اکاؤنٹس چلاتا ہے۔قیصر امین بٹ کے انکشافات کے بعد خواجہ برادران کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔