راس الخیمہ: 14 سالہ لڑکے نے خود کو آگ لگا لی

کم سن لڑکے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 11 دسمبر 2018 12:56

راس الخیمہ: 14 سالہ لڑکے نے خود کو آگ لگا لی
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11 دسمبر2018ء) راس الخیمہ کے علاقے ضاہن میں ایک افسوس ناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک چودہ سالہ لڑکا آتش گیر مواد کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے اچانک آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں آ گیا۔ اس اچانک بھڑکنے والی آگ نے گھر کے باغیچے کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ راس الخیمہ سول ڈیفنس کے ذرائع نے بتایا کہ چودہ سالہ کم سن عرصہ دراز سے خالی پڑے ایک گھر کے باغیچے میں آتش گیر مواد، فوم اور پانی کے ساتھ کوئی چھیڑ خانی میں مصرو ف تھا کہ اچانک آگ بھڑک اُٹھی جس کے باعث نوجوان بُری طرح سے جھُلس گیا۔

(جاری ہے)

سول ڈیفنس کو اس واقعے کی اطلاع صبح سوا سات بجے کے قریب مِلی۔ جب فائر فائٹرز اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچیں تو دیکھا کہ نوجوان آتش زدگی کے باعث جھُلسنے کے بعد بہت زیادہ تکلیف میں تھا۔ جسے علاج معالجے کی غرض سے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔گھر کے باغیچے میں لگنے والی آگ اتنی بڑ ھ چُکی تھی کہ اگر فائر فائٹرز بروقت کارروائی نہ کرتے تو یہ آگ آس پاس کے گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیتی۔ سول ڈیفنس کے ترجمان نے والدین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کی سرگرمیوں پر نظر رکھا کریں اور اُنہیں لائٹرز یا آتش گیر مواد سے نہ کھیلنے دیں تاکہ کسی ناگہانی صورتِ حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :