ٹرمپ دفاعی اخراجات کے لیے 750 ارب ڈالر کے حامی ہیں، امریکی عہدے دار

وزارت دفاع کے اخراجات میں اضافہ، دیگر سرکاری اداروں کو اخراجات کے حوالے سے کمی کا سامنا ہے،گفتگو

منگل 11 دسمبر 2018 13:33

ٹرمپ دفاعی اخراجات کے لیے 750 ارب ڈالر کے حامی ہیں، امریکی عہدے دار
واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 دسمبر2018ء) ایک امریکی عہدے دار نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ آئندہ سال دفاعی اخراجات کے لیے کانگریس سے 750 ارب ڈالر طلب کرنے سے متعلق منصوبوں کو سپورٹ کر رہے ہیں۔ اس طرح وزارت دفاع کے اخراجات میں اضافہ ہوتا دکھائی دے رہا ہے جب کہ دیگر سرکاری اداروں کو اخراجات کے حوالے سے کمی کا سامنا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ٹرمپ نے جن کو چھ برس کے بلند ترین بجٹ خسارے کا سامنا ہے ، انہوں نے رواں سال اپنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ایجنسیوں کے اخراجات میں پانچ فی صد تک کمی کے لیے تجاویز پیش کرے مگر امریکی صدر کا اس بات پر زور ہے کہ اس حوالے سے فوج کو بڑی حد تک مستثنی رکھا جائے۔واضح رہے کہ 750 ارب ڈالر کی رقم پینٹاگون کی جانب سے 2020 کے مالیاتی سال کے لیے متوقع 733 ارب ڈالر کے مطالبے سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں یہ 700 ارب ڈالر کی اس رقم سے بھی زیادہ ہے جس کا ذکر ٹرمپ نے اکتوبر میں کیا تھا۔ایک امریکی عہدے دار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کے مطالبے پر بتایا کہ وزیر دفاع جیمز میٹس نے حالیہ دنوں میں ٹرمپ کے ساتھ بجٹ پر بات چیت کی ہے اور امریکی صدر کو دفاعی اخراجات میں اضافہ نہ کرنے کے خطرات سے آگاہ کیا۔ عہدے دار کے مطابق بات چیت کے دوران یہ واضح ہو رہا تھا کہ ٹرمپ اٴْس پیش رفت کو بڑھانا چاہتے ہیں جو ان کی انتظامیہ نے فوج کی از سر نو تشکیل کے حوالے سے یقینی بنائی ہے۔وہائٹ ہاؤس کی جانب سے 750 ارب ڈالر کے مطالبے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا گیا۔