ریزرو بینک آف انڈیاکے گورنر کا استعفیٰ،

امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں ایک فیصد کمی

منگل 11 دسمبر 2018 13:39

نئی دہلی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) بھارت کے مرکزی بینک ’’ ریزرو بینک آف انڈیا ‘‘ کے گورنر ارجیت پٹیل کے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد بھارتی روپے اور سٹاک مارکیٹ میں مندی کی صورتحال ہے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر اعظم نریندرا مودی کی حکومت کی جانب سے مرکزی بینک کے امور و پالیسی سازی میں مداخلت کے باعث ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنرارجیت پٹیل کی حکومت کے ساتھ کئی ماہ سے جاری کشیدگی کا سلسلہ اس وقت انجام کو پہنچا جب پیر کو انھوں نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

(جاری ہے)

ارجیت پٹیل کے استعفے کے بعد بھارت کی اقتصادی سرگرمیوں میں غیر یقینی کی صورتحال دیکھنے میں آئی اور منگل کو بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 1 فیصد سے زیادہ گر کر 72.19 بھارتی روپے فی ڈالر کی سطح پر آگیا، دوسری جانب ملکی سٹاک مارکیٹ میں بھی مندی کی صورتحال رہی۔ارجیت پٹیل نے اپنے استعفے کی وجہ ذاتی قرار دے دی تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کا یہ عمل حکومت کی مرکزی بینک پر دبائو بڑھانے کی مسلسل پالیسی کے باعث ہے۔ممبئی کا اہم ترین سینسیکس انڈیکس کاروباری سرگرمیوں کے آغاز پر ہی 1.47 فیصد گرگیا تاہم مرکزی بینک کی مداخلت کے باعث سٹاک مارکیٹ کو فوری طور پر بڑے نقصان سے بچالیا گیا۔