Live Updates

امیگریشن کاؤنٹر پہنچا تو معلوم ہوا کہ میرا نام بلیک لسٹ میں ہے

نیب میں چلنے والے کیسز میں میں مطلوب نہیں ہوں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 11 دسمبر 2018 13:29

امیگریشن کاؤنٹر پہنچا تو معلوم ہوا کہ میرا نام بلیک لسٹ میں ہے
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 11 دسمبر 2018ء) : اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو غیر ملکی ائیر لائن کی پرواز سے آف لوڈ کر دیا گیا ۔ اس معاملے پر اب اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کا بھی رد عمل آگیا ہے۔ حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ میں امیگریشن کاؤنٹر پہنچا تو مجھے بتایا گیا کہ میرا نام بلیک لسٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں ہونے والی انکوائری میں میں مطلوب نہیں ہوں۔

خیال رہے کہ اب سے کچھ دیر قبل  ایف آئی اے اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی بیرون ملک روانگی کی کوشش ناکام بنا دی اور انہیں جہاز سے آف لوڈ کر دیا۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز غیرملکی ائیر لائن کی پرواز سے  اپنے بھائی سے ملاقات کے لیے بیرون ملک روانہ ہو رہے تھے کہ ایف آئی اے نے انہیں بیرون ملک جانے سے روک دیا۔

(جاری ہے)

ایف آئی اے ذرائع نے حمزہ شہباز کو جہاز سے آف لوڈ کرنے کی تصدیق بھی کر دی۔

ایف آئی اے ذرائع نے بتایا کہ حمزہ شہباز غیر ملکی ائیر لائن قطر ائیرویز کی پرواز 620 سے دوحہ روانہ ہو رہے تھے کہ انہیں جہاز سے آف لوڈ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ حمزہ شہباز پر نیب کیس ہے اور انہیں بیرون ملک جانے سے ممکنہ طور پر اسی لیے روکا گیا ہے کیونکہ ان پر نیب انکوائری چل رہی ہے۔خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادوں حمزہ شہباز اورسلمان شہباز کے خلاف غیر قانونی پل اور 56 کمپنیوں سے مبینہ تعلق کی تحقیقات جاری ہیں۔

نیب حمزہ شہباز کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس کی بھی تحقیقات کررہا ہے ۔ حمزہ شہباز نے گرفتاری سے بچنے کے لیے حفاظتی ضمانت بھی لے رکھی ہے۔ یاد رہے کہ شہباز شریف پہلے ہی نیب حراست میں ہیں جبکہ ان کے دونوں بیٹوں پر بھی انکوائری چل رہی ہے۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات