ڈیل سٹین یا ربادا کے خوف سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہیں لی: محمد حفیظ

ون ڈے کرکٹ میں دونوں باﺅلرزکا سامنا کرچکا ہوں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 دسمبر 2018 13:40

ڈیل سٹین یا ربادا کے خوف سے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ نہیں لی: محمد حفیظ
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11دسمبر2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل راﺅنڈر محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹامنٹ کا فیصلہ کسی مخصوص باﺅلر کے خوف سے نہیں کیا ہے ۔ایک انٹر ویو کے دوران محمد حفیظ نے ٹیسٹ کرکٹ سے اپنی ریٹائرمنٹ لینے کے فیصلے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ اپنی فارم کو دیکھتے ہوئے نہیں لیا بلکہ اس کے پیچھے کچھ ذاتی وجوہات کار فرما ہیں ۔

حفیظ کا کہنا تھا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا فیصلہ اس لیے لیا کیوں کہ پاکستان کی اگلی ٹیسٹ سیریز جنوبی افریقہ میں شیڈول ہے جہاں کھیلنے کی صورت میں مجھے ڈیل سٹین اور کگیسو ربادا جیسے باﺅلرز کا سامنا کرنا پڑتا اور میں نے ان سے خوفزدہ ہوکر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کا اعلا ن ہے حالانکہ یہ انتہائی بے بنیاد بات ہے ، میں اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں سٹین اور ربادا کو کھیل چکا ہوں اور مستقبل میں بھی صرف اپنی بلے بازی کے ذریعے ناقدین کوجواب دوں گا ۔

(جاری ہے)

حفیظ کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنے15سالہ انٹر نیشنل کیریئر میں بہت سی کامیابیاں حاصل کرچکے ہیں اور انہیں مزید کسی چیز کی تمنا نہیں رہی ، اب وہ اپنی مکمل توجہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کرکٹ پر رکھیں گے ۔ خیال رہے کہ محمد حفیظ نے آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں ٹیم میں کم بیک کرتے ہوئے دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سنچری سکور کی تاہم اس کے بعد ان کا بلا مکمل طور پر خاموش ہوگیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ کے دوران محمد حفیظ نے 5 روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ جنوبی افریقی فاسٹ باﺅلر ڈیل سٹین 2007ءسے 2013ءکے دوران 23اننگز میں 14.93کی اوسط سے 15مرتبہ محمد حفیظ کو آﺅٹ کرچکے ہیں جس میں سے تین مرتبہ پاکستانی آل راﺅنڈر کو کھاتہ کھولنے کا موقع بھی نہیں ملا تھا اور اسی وجہ سے بعض ناقدین کا کہنا تھا کہ محمد حفیظ دورہ جنوبی افریقا سے قبل ڈیل سٹین اور کگیسو ربادا سے خوفزدہ ہوکر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ۔