میڈیا ہائوسز سے صحافیوں کی چھانٹیوں پر حکومت اور اپوزیشن کو تشویش ہے، حکومت میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے، ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

منگل 11 دسمبر 2018 15:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 دسمبر2018ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ میڈیا ہائوسز سے صحافیوں کو بیروزگار کئے جانے پر تشویش ہے، حکومت میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے اور ہم ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے ۔ منگل کو قومی اسمبلی میں چوہدری فواد حسین نے کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر ای) نے پریس گیلری سے واک آئوٹ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ واک آئوٹ میڈیا ہائوسز کی جانب سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور اداروں سے صحافیوں کو بیروزگار کئے جانے پر کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیا ہائوسز سے صحافیوں کی چھانٹیوں پر حکومت اور اپوزیشن کو بھی تشویش ہے۔ ذرائع ابلاغ کے اداروں کو ایک ارب 30 کروڑ روپے کے بقایا جات میں سے 18 کروڑ روپے ادا کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اداروں سے چھانٹیوں کا عمل رکنا چاہیے۔ ذرائع ابلاغ کی صنعت کو ریلیف ملنا چاہیے۔ حکومت میڈیا ورکرز کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔